بنگلادیش ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر، اسکاٹ لینڈ ان

پاکستان کی شرکت بھی مشکوک، فیصلہ حکومت کرے گی، محسن نقوی
بنگلہ دیش نے سیکورٹی صورت حال کی بنا پر درخواست کی تھی کہ اس کے میچز سری لنکا منتقل کر دئیے جائیں
آئی سی سی نے تین ہفتے بعد بنگلہ دیش کی جگہ متبادل کے طو ر پر اسکاٹ لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شامل کر لیا

دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) نے بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو بھارت میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کب میں شامل کر لیا ہے۔آئی سی سی نے باضابطہ طور پر اعلان کیاہے کہ بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم شرکت کریگی۔
بنگلا دیش نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچز بھارت میں کھیلنے سے انکار کیا تھا اور اپنے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرنیکا مطالبہ کیا تھا۔لیکن آئی سی سی نے اس کا یہ مطالبہ تسلیم نہیں کیا۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ تین ہفتوں سے زائد اس معاملے پر تفصیلی بات چیت کی گئی، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی) سے بھی رابطے رکھے اور بی سی بی کے تحفظات کا ہر طرح سے جائزہ لیا گیا۔آئی سی سی کے مطابق بی سی بی سے تمام معاملات پر بات کی گئی اور بی سی بی کو یقین دہانیاں بھی کرائی گئیں لیکن وہ بھارت میں کھیلنے پر آمادہ نہ ہوئے جس کی وجہ سے آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی جگہ متبادل کے طو ر پر اسکاٹ لینڈ کو ورلڈ کپ میں شامل کر لیا گیا
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ بنگلادیش کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، اس کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ہونا چاہیے، بنگلا دیش آئی سی سی میں برابر کی حیثیت کا ملک ہے، اگر پاکستان کے ساتھ معاملے میں بھارت کو فیور دیا گیا تو بنگلا دیش کو بھی ملنا چاہیے۔ان کا کہنا تھاکہ یہ دہرا معیار ہے، ایک ملک کسی کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا، ڈکٹیشن ہوئی تو پھر پاکستان کا بھی ایک مقف ہے اور پاکستان اپنے مقف پر قائم رہیگا۔
بنگلہ دیش کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی پر زور دیا تھا کہ وہ بنگلہ دیش کے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرے لیکن ایسا نہ ہوسکا۔جس پر پاکستان کی شرکت بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مشکوک ہو گئی ہے۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی، آئی سی سی سے زیادہ حکومت پاکستان کے تابع ہیں، فیصلہ حکومت کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلے کے لیے وزیراعظم کی آمد کے منتظرہیں، اس وقت وزیر اعظم پاکستان ملک میں نہیں ہیں، پہلے حکومت فیصلہ بتادے پھر پلان اے بی سی تیار ہے۔
یاد رہے کہ قبل ازیں یہ خبریں‌سامنے آئی تھیں‌کہ محسن نقوی نے پاکستانی ٹیم کوٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں سے روک دیا تھا.