فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی یو اے ای کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان سے ملاقات میں گفتگو
ابوظہبی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی سلامتی اور استحکام پاکستان کی اپنی سلامتی کا ناگزیر حصہ ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ابو ظبی میں یو اے ای کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں باہمی تعاون، خصوصا معیشت، سرمایہ کاری اور سیکیورٹی کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماوں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے مستقل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران معاشی تعاون، سرمایہ کاری اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعلقات کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یو اے ای کی حکومت کی پاکستان کی معیشت اور سیکیورٹی میں دہائیوں پر محیط سرمایہ کاری اور مسلسل حمایت پر دلی شکریہ ادا کیا، جسے دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کی عکاسی قرار دیا۔
ترجمان کے مطابق فیلڈ مارشل نے پاکستان میں معاشی اور سماجی ترقی میں اماراتی قیادت کے تعمیری کردار کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تاریخی تعلقات اور مضبوط تزویراتی شراکت داری موجود ہے۔انہوں نے یہ عزم بھی دہرایا کہ پاکستان تمام شعبوں میں اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھے گا، تاکہ دونوں برادر قوموں کے مفادات کا تحفظ ہو اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ ملے۔
یو اے ای کی سلامتی اور استحکام پاکستان کی اپنی سلامتی اور استحاکام ہے : فیلڈ مارشل



