ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کے جواب میں کئے گئے حملوں میں ۵ اسرائیلی ہلاک اور ۱۰۰ سے زائد زخمی ہوئے
یہ ایک مشکل ترین شام اور تباہ کن رات تھی، نیتن یاہواسرائیل کے تمام تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت کےلئے بند
اسلام آباد:امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کے جواب میں ایران نے اسرائیل کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کیا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب کی ایروسپیس فورس کے کمانڈر سید ماجد موسوی نے کہا ہے کہ آج کے بعد اسرائیل کے مقبوضہ علاقوں پر ایران کے بیٹوں کا غلبہ قائم ہو گیا ہے۔ایرانی پاسداران انقلاب کی ایروسپیس فورس کے کمانڈر نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل نے جن علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے اس کے آسمانوں پر اب ایرانی میزائلوں کو تسلّط ہے ۔
ہفتے کو ایران نے نطنز میں اپنی جوہری تنصیبات پر امریکا اور اسرائیلی حملے کے جواب میں اسرائیلی ایٹمی مرکز دیمونا پر یکے بعد دیگرے 2 حملے کیے 51 افرادزخمی ہوئے۔اس کے علاوہ جنوبی اسرائیل کے شہر عراد پر بھی ایرانی میزائلوں نے بارش کی۔
اسرائیلی میڈیا نے عراد پر ایرانی حملے میں 6 اسرائیلیوں کی ہلاکت اور 100 سے زائد زخمیوں کی تصدیق کر دی۔
دیمونا اور عراد پر ایران کے ہولناک حملوں کے بعد اسرائیل نے پورے ملک میں تعلیمی اداروں میں چھٹی دے دی۔اسرائیلی وزارت تعلیم نے اعلان کیا کہ اتوار اور پیر کے روز کوئی شخص جسمانی طور پر کسی تعلیمی ادارے میں نہ جائے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے جنوبی اسرائیلی شہر عراد میں میزائل حملہ کیا گیا جس میں کم از کم 20 عمارتوں کونقصان پہنچا۔
جنوبی اسرائیل کے شہر عراد کے اسپتال نے ایرانی میزائل حملے کے بعد ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔
اسرائیلی میڈیاکےمطابق عراد پر حملے کے وقت رہائشیوں کیلئے الرٹ بھی جاری نہ ہوسکا، حملے کےوقت متعدد افرادچہل قدمی کر رہےتھے۔
اسرائیل کی ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر بڑی تعداد میں متاثرین کو طبی امداد فراہم کر رہی ہیں، جن میں5 سالہ بچی کی حالت تشویشناک ہے، 11 افراد کی حالت درمیانی جبکہ متعدد افراد کو معمولی زخم آئے ہیں۔
فائر فائٹرز حکام کے مطابق جنوبی اسرائیلی شہر عرادمیں میزائل حملے میں شدید نقصان ہوا ہے۔
اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کے لئے یہ ایک مشکل ترین شام اور تباہ کن رات تھی.



