اسلام آباد:ایک اور ٹک ٹاکر شوہر کے ہاتھوں قتل

ثنا جاوید عرف آؤٹ لوفرہ پشتو کی معروف ٹک ٹاکر تھی و اقعہ تھانہ ہمک کی حدود میں پیش آیا

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اسلام آباد میں تھانہ ہمک کی حدود میں ایک پشتو زبان کی خاتون ٹک ٹاکرثناجاوید کو مبینہ طور پر ان کے شوہر نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔ بیوی کے قتل کے بعد ملزم نے خود بھی خودکشی کر لی۔
تھانہ ہمک میں دائر ایف آئی آر کے مطابق واقعہ لگنم ٹاور کے قریب پیش آیا جہاں فائرنگ کی اطلاع ملنے پر وہاں تعینات ایک پرائیوٹ سکیورٹی گارڈ وہاں پہنچا۔
ایف آئی آر کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک نوجوان لڑکا زخمی حالت میں ملا جس کے سر پر گولی لگی ہوئی تھی۔ بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہوگیا۔ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ لڑکا اٹک پولیس میں کانسٹیبل تعینات تھا۔پولیس کے مطابق لڑکے نے پہلے اپنی بیوی کو گولی ماری اور بعد ازاں خود بھی خودکشی کر لی۔
جائے وقوعہ سے تین خول اور نائن ایم ایم پستول برآمد ہوا ہے، جسے تحویل میں لے کر فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے
مبینہ طور پر مقتولہ خاتون ٹک ٹاکر کی یہ دوسری شادی تھی۔ انہوں نے پہلے شوہر سے خلع لے رکھی تھی۔
پولیس کے مطابق میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا اور ابتدائی شواہد کے مطابق واقعہ گھریلو ناچاقی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔
ادھر تھانہ ہمک پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور شواہد اکٹھے کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔

ابتدائی طور پر پتہ چلا ہے کہ لڑکا اٹک پولیس میں کانسٹیبل تعینات تھا۔صادق نے پہلے اپنی بیوی کو فائر مارا اور بعد میں خود کو سر میں فائر مار کر خودکشی کر لی۔فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول پولیس نے تحویل میں لے لیا۔