عازمین حج کی روانگی کا عمل 21 مئی تک بلا تعطل جاری رہے گا
ملک کے آٹھ شہروں سے 468 پروازوں کےذریعے عازمین حج کو مدینہ اور جدہ پہنچایا جائے گا
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کے لیے ایک بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے، جہاں سرکاری سکیم کے تحت منتخب ہونے والے ایک لاکھ 20 ہزار عازمین کے ویزوں کی منظوری کے فوری بعد حج پروازوں کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے مقررہ تمام ڈیڈ لائنز کو وقت سے پہلے عبور کرنے کے بعد، اب پاکستان سے حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز 18 اپریل سے ہوگا، جس کے تحت عازمینِ حج کی پہلی پرواز سعودی عرب کے لیے اڑان بھرے گی جبکہ روانگی کا یہ سلسلہ 21 مئی تک بلا تعطل جاری رہے گا۔وزارت مذہبی امور کے حکام کے مطابق امسال حج انتظامات میں غیر معمولی تیزی دکھائی گئی ہے، جس کے نتیجے میں 17 فروری تک بائیو میٹرک کا عمل مکمل کرنے کے فوراً بعد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش گاہوں، مکتب کی الاٹمنٹ اور ٹرانسپورٹیشن جیسے پیچیدہ مراحل کو حتمی شکل دی گئی۔
۔شیڈول کے مطابق پاکستان سے سرکاری حج سکیم کے تحت 468 پروازوں کے ذریعے عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔18 اپریل کو کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے پروازیں روانہ ہوں گی۔پاکستان سے سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار عازمین کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ لے جایا جائے گا۔سرکاری سکیم کے تحت 67 ہزار 230 مرد عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا ۔سرکاری سکیم کے تحت51 ہزار 846 خواتین عازمین حجاز مقدس جائیں گی۔حج آپریشن کے پہلے روز عازمین کو چار پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا ۔جدہ کے لئے چار مئی سے حج پروازوں کا آغاز کیا جائے گا ۔
مدینہ منورہ کے لیے پہلی لانگ حج پرواز سات مئی کو چلے گی ۔پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی۔عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کا آپریشن 34 روز جاری رہے گا۔حج پروازوں کے آغاز پر پہلے 15 روز عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔مدینہ منورہ کے لیے 186 اور جدہ کے لیے 282 پروازیں چلائی جائیں گی ۔پی آئی اے،ائیر بلیو،ایئر سیال اور سعودی فضائی کمپنی حج آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔پاکستان کے آٹھ شہروں سے حج پروازیں چلائی جائیں گی۔
اسلام آباد سے 129،کراچی 124 اور لاہور سے 104 پروازیں چلیں گی ۔کوئٹہ سے 18 ،ملتان سے 34 اور سیالکوٹ سے 26 حج پرواز روانہ ہوں گی ۔فیصل آباد سے 23 اور سکھر سے پانچ حج پروازیں عازمین کو سعودی عرب لے جائیں۔عازمینِ حج کی سہولت کے لیے وزارت نے ڈیجیٹل نظام کو مزید فعال بناتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام عازمین اپنی پرواز، روانگی کے وقت اور متعلقہ ایئرپورٹ کی معلومات حاصل کرنے کے لیے "پاک حج 2026” موبائل ایپ کا استعمال کریں۔ یہ ایپ نہ صرف پروازوں کی تازہ ترین صورتحال فراہم کرے گی بلکہ مکہ اور مدینہ میں رہائش گاہوں کی لوکیشن اور دیگر ضروری اعلانات کے لیے بھی واحد مستند ذریعہ ہوگی۔
تمام تفصیلات وزارت کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔وزارتِ مذہبی امور نے عازمین پر زور دیا ہے کہ وہ سفرِ حج کی تیاریوں کے سلسلے میں ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ مستقبل میں ہونے والے کسی بھی تربیتی پروگرام یا شیڈول میں ممکنہ تبدیلی سے بروقت آگاہ رہ سکیں۔




