پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں منعقدہ مرکزی تقریب کے پانچ مختلف سیشن ہونگے
لوک رقص سمی،شادی بیاہ کے گیت،شعر خوانی اورپوٹھوہاری زبانوں کا مشاعرہ ہوگا
سکولوں،کالجوں کیساتھ ساتھ بیرون ملک مقیم پوٹھوہاری کمیونٹی بھی تقریبات منعقد کریگی
راولپنڈی /اسلام آباد( نیوزرپورٹر )پوٹھوہاری ادبی بیٹھک راولپنڈی کے زیر اہتمام اورپنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی کے اشتراک سے راولپنڈی ڈویژن،وفاقی دالحکومت اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے شہروں میر پور،ڈڈیال،منگلا وگردونواح میں ”پوٹھوہار کلچر ڈے“آج بروز منگل(14اپریل)کو منایا جائیگا۔پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں منعقدہ مرکزی تقریب میں لوک رقص سمی(ڈھول ماسٹر مزمل حسین،شہنائی نواز عظمت حسین)،شادی بیاہ کے پوٹھوہاری لوک گیتوں کا گائیکی سیشن(عادل سلطان خاکی گوجر خان،اشتیاق محمود واہ کینٹ،غلام عباس مغل واہ کینٹ)،یعقوب انجم راجہ کے گیت ”اچھو تساں کی سوہنڑاں پوٹھوہار دساں“پرپوٹھوہاری گائیک خادم علی ارشد کی پرفارمنس،قیصرراجا کی شعر خوانی اورپوٹھوہارکی مادری زبانوں سے تعلق رکھنے والے شعراء کی محفل مشاعرہ ہوگی جسکی صدارت رحمن حفیظ کرینگے۔ محفل مشاعرہ میں ٹیکسلا،گوجر خان،دینہ،سوہاوہ، چکوال،جہلم،اٹک،مری،تلہ گنگ،راولپنڈی،میر پور اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے شعراء اپنا کلام سنائیں گے۔اسی تسلسل کے تحت”پوٹھوہار کلچر ڈے“کی دوسری بڑی تقریب گدوال موڑ واہ کینٹ میں شام پانچ بجے حلقہ سخن پوٹھوہار،انڈس ٹور کلب اور وطن دوست فورم کے زیر اہتمام منعقد ہوگی،جس میں خطہ پوٹھوہار کی قدامت، پوٹھوہاری شعر خوانی اور محفل مشاعرہ منعقد ہوگی۔دریں اثناء 15کے لگ بھگ نجی سکولوں اور کالجوں کے علاوہ بیرون ملک مقیم پوٹھوہاری کمیونٹی بھی ”پوٹھوہار کلچر ڈے“ کی تقریبات منعقد کریگی۔پوٹھوہاری ادبی بیٹھک راولپنڈی کے بانی چیئرمین فیصل عرفان،سرپرست علیٰ نعمان مشتاق راجا،سیکرٹری جنید غنی راجا،جوائنٹ سیکرٹری شکور احسن،سیکرٹری انفارمیشن عثمان اسلم،صدر خواتین ونگ مسرت شیریں اور سیکرٹری خواتین ونگ چندا خیری نے پوٹھوہار کے باسیوں سے پوٹھوہار کلچر ڈے کی تقریبات میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔



