فیفا کا پی ایف ایف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار، پاکستان میں فٹبال اصلاحات کی تعریف

لاہور: پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی نے زیورخ میں واقع فیفا ہیڈ کوارٹر میں فیفا کے سیکرٹری جنرل میٹیاس گرافسٹروم سے ایک اہم اور نتیجہ خیز ملاقات کی۔ اس موقع پر عالمی فٹ بال گورننگ باڈی نے پاکستان فٹ بال کی موجودہ قیادت اور جاری اصلاحات پر اپنے مکمل اعتماد کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران میٹیاس گرافسٹروم نے فیفا سیریز میں پاکستان ویمن فٹ بال ٹیم کی شاندار کارکردگی پر محسن گیلانی کو مبارکباد پیش کی اور اسے ملک میں فٹ بال کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ صدر پی ایف ایف نے پاکستان میں فٹ بال کی بحالی اور تنظیم نو کے نازک مرحلے پر مسلسل تعاون فراہم کرنے پر فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور عالمی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں فٹ بال کی گورننس، ادارہ جاتی اصلاحات اور ملک بھر میں انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کی فوری ضرورت جیسے کلیدی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ایف ایف کے سربراہ نے انفراسٹرکچر کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشوونما اور مسابقتی معیار کو بہتر بنانے کے لیے عالمی معیار کی سہولیات ناگزیر ہیں۔
سید محسن گیلانی نے فیڈریشن کی گزشتہ چند ماہ کی سرگرمیوں، اقدامات اور حاصل کردہ پیش رفت پر مبنی ایک جامع رپورٹ بھی پیش کی۔ اس رپورٹ میں مقامی ڈھانچے کی مضبوطی، کھلاڑیوں کی تربیت کے جدید راستوں کے تعین اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت بڑھانے کی کوششوں کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔
سیکرٹری جنرل فیفا میٹیاس گرافسٹروم نے پی ایف ایف کی موجودہ قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ایک سال کے دوران کی جانے والی پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے فٹ بال ایکو سسٹم کے لیے فیفا کے عزم کو دہراتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جاری اصلاحات اور نئی سمت ملک میں فٹ بال کی پائیدار ترقی اور کامیابیوں کی راہ ہموار کریں گی۔