اسٹریٹجک سائنس کمیونیکیشن پر بین الاقوامی تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر

ورکشاپ کا اہتمام او آئی سی-کامسٹیک اور اسلامک یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی بنگلہ دیش نے مشترکہ طور پر کیا تھا
وقت آگیا ہے کہ سائنس کو لیبارٹریزسے نکال کر واضح، مستند اور مؤثر انداز میں معاشرے تک پہنچنا یا جائے ، پروفیسر اقبال چودھری

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) کامسٹیک نے اسلامک یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (آئی یو ٹی) کے اشتراک سے غازی پور، بنگلہ دیش میں دو روزہ بین الاقوامی تربیتی ورکشاپ کامیابی سے مکمل کر لی۔ ورکشاپ کا عنوان "اسٹریٹجک سائنس کمیونیکیشن: سائنسدانوں اور صحافیوں کے درمیان علم کے فروغ کے لیے روابط کی مضبوطی” تھا۔اس ورکشاپ میں او آئی سی کے رکن ممالک بشمول پاکستان سے تعلق رکھنے والے شرکاء نے شرکت کی، جس کا مقصد سائنسی ابلاغ کی صلاحیت کو فروغ دینا اور سائنسدانوں، صحافیوں اور پالیسی سازوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔اختتامی تقریب میں 15 ممالک سے تعلق رکھنے والے 48 شرکاء میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے، جس کے ساتھ اس کامیاب پروگرام کا باقاعدہ اختتام ہوا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر رفیق الاسلام وائس چانسلر اسلامی یونیورسٹی یوگنڈا نے مختلف ممالک سے شرکت کو سراہتے ہوئے آئی یو ٹی کے تعلیمی معیار، بین الاقوامی تعاون اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں استعداد کار بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس سے قبل افتتاحی اجلاس میں پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا کہ موجودہ تیزی سے بدلتی دنیا میں سائنس کو لیبارٹریز تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے واضح، مستند اور مؤثر انداز میں معاشرے تک پہنچنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر سائنسی ابلاغ عوامی شعور بڑھانے، شواہد پر مبنی پالیسی سازی کے فروغ اور سائنس پر اعتماد بحال کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔
شرکاء نے تربیتی پروگرام کو عملی لحاظ سے مفید اور پیشہ ورانہ طور پر نہایت مؤثر قرار دیا اور اپنے اداروں میں اس نوعیت کے پروگرامز کے انعقاد میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ورکشاپ کا کامیاب انعقاد اس بات کا مظہر ہے کہ کامسٹیک او آئی سی رکن ممالک بشمول پاکستان میں سائنسی ابلاغ کے فروغ، علاقائی تعاون کے استحکام اور علم کے تبادلے و جدت کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔