مجموعی قومی و ملی اور تنظیمی اُمور کا جائزہ، آمدہ محرم الحرام اور مسائلِ عزاداری سے متعلق سفارشات پیش
دہشت گردوں اور فتنۃ الہندوستان و فتنۃ الخوارج کے خلاف نبرد آزما پاک فوج کیساتھ اظہارِ یکجہتی
قومی و ملی حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے، نظریۂ اساسی سے سرِمُو دستبرداری ہمارے خمیر میں نہیں،باقر نقوی
ایران و امریکا اسرائیل جنگ میں پاکستان کے مصالحانہ کردار نے ازلی دشمن کو سفارتی محاذ پر گوشۂ گمنامی میں دھکیل دیا ہے۔ اعلامیہ
NASIR
لاہور ( خصوصی رپورٹر ) تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ صوبائی کونسل پنجاب کا اعلیٰ سطحی اجلاس عزاء خانہ زہراؑ پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ لاہور میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی صدر ٹی این ایف جے پنجاب علامہ سید باقر علی نقوی نے کی۔ اجلاس مجموعی قومی و ملی اور تنظیمی اُمور کا جائزہ لیا گیا جبکہ مندوبین اجلاس نے آمدہ محرم الحرام اور مسائلِ عزاداری سے متعلق اپنی سفارشات پیش کیں اور متفقہ لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے صدر ٹی این ایف جے پنجاب علامہ سید باقر علی نقوی نے کہا کہ قومی و ملی حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے، نظریۂ اساسی سے سرِمُو دستبرداری ہمارے خمیر میں نہیں، جہادِ کربلا کا جذبہ حسینیوں کے خون میں حرارت کا سرچشمہ اور حریتِ فکر و عمل کا نوری الاؤ ہے، مکتبِ تشیُع وطنِ عزیز کا اساس گزار ہے، من و سلویٰ کے پروردہ حبُ الوطنی کے اسناد دینا بند کر دیں، ولایتِ علیؑ ابنِ ابی طالبؑ دینِ اسلام کی جوہری صلاحیت کا نام اور مرحب و عنتر اور منافقت کی موت ہے، پرچمِ ولا و عزا آب و تاب سے لہرانے گا اور دشمنانِ عزاداری کا مقدر بدترین شکست ہے، ملتِ جعفریہ عزاداریِ حسینؑ ابنِ علیؑ کو سیاسی ڈھال نہیں بننے دی گی، مشنِ زینب و زین العابدین علیہم السلام کی روحانیت و تقدس کی محافظت جاری رکھی جائے گی، رہبرِ تشیُع قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے نقوشِ حسنہ کی روشنی میں ملک و ملت کی حفاظت جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار صدر تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ صوبہ پنجاب علامہ سید باقر علی نقوی نے صوبائی کونسل کے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سید باقر علی نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت عزاداری پر عائد دورِ بُزداری کی ناروا پابندیوں کا خاتمہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ دربارِ حضرت رقیہؑ بنتِ علیؑ بی بی پاک دامن کی توسیع، تعمیر و تزئین قابلِ تحسین اقدام ہے جس سے عقیدت مندوں کے لیے زیارات و عزاداری میں آسانی پیدا ہوئی لہٰذا اب عزائے حسینؑ کے احسن اقدامات کی ضرورت ہے۔ علامہ باقر نقوی نے کہا کہ پنجاب میں عصبیت و نفرت کے کالعدم بیوپاریوں کے خلاف سی سی ڈی کی صلاحیت کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار کیا گیا کہ ایران و امریکا اسرائیل جنگ میں پاکستان کے مصالحانہ کردار نے ازلی دشمن کو سفارتی محاذ پر گوشۂ گمنامی میں دھکیل دیا ہے۔ نمائندہ اجلاس میں ٹی این ایف جے پنجاب کے صوبائی جنرل سیکرٹری سید حسن کاظمی نے اہم عالمی و قومی امور کے بارے میں اعلامیہ پیش کرتے ہوئے باور کرایا گیا کہ قیامِ امن کے لیے پاکستان کے کردار پر اقوامِ متحدہ پر زور دیا گیا کہ وہ قراردادِ ستائیش منظور کرے، مصالحت کاری پر پاکستان کو معاشی سہولیات فراہم کی جائیں۔ جاری اعلامیہ میں دہشت گردوں بالخصوص فتنۃ الہندوستان و فتنۃ الخوارج کے خلاف نبرد آزماء پاک فوج کے سپوتوں کیساتھ اظہارِ یکجہتی کیا گیا اور یقین دلایا گیا کہ تحفظِ وطن کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے مکتبِ تشیُع عساکرِ پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے۔ اعلامیہ میں ایران امریکا مذاکرات میں سول و عسکری قیادت کی موثر سفارت کاری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور امن پسند قوتوں سے بھرپور تعاون کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اعلامیہ میں باور کرایا گیا کہ حکومتی مشینری نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنائے جو دیرپا قیامِ امن کا نسخۂ کیمیاء ہے۔ اعلامیہ میں اس عہد کا اظہار بھی کیا گیا کہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ پاکستان ملک و ملت کے اساسی نظریات کے تحفظ کے لیے رہبرِ تشیُع آقائے موسویؒ کی مدبرانہ پالیسی پر گامزن رہے گی اور افراط و تفریط اور عصبیت و نفرین کے بتوں کو پاش پاش کرتی رہے گی۔ اعلامیہ میں اس عہد کا اظہار بھی کیا گیا کہ سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی کی قیادت میں ولایتِ علیؑ ابنِ ابی طالبؑ، عزاداریِ سیدالشہداؐ، حرمتِ سادات، احترامِ مرجعیت اور مرکزیت کے تحفظ کا پاکیزہ مشن جاری و ساری رکھا جائے گا، اور آمدہ محرم الحرام کے لیے ہیڈکوارٹر مکتبِ تشیُع ٹی این ایف جے کی بھرپور تائید کی جائے گی۔ صوبائی کونسل کے اجلاس سے اراکینِ کابینہ ٹی این ایف جے پنجاب، ریجنل صدور، ذیلی شعبہ جات کے عہدیداران، علمائے کرام، عمائدین نے بھی خطاب کیا جن میں صدر تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ، فیصل آباد ریجن آغا حاجت علی سرحدی، صدر تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ بہاولپور ریجن علامہ سید نقی رضا، صدر تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ لاہور ریجن سید شاہد عباس کاظمی، ناظم الامور تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ گجرات و گوجرانولہ ریجن چوہدری لال خان، ڈپٹی ناظم الامور گجرات ریجن سید تنظیم حیدر جعفری، صدر تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ ناروال حاجی غلام عباس، صدر تحریکِ نفاذِ فقہِ جعفریہ ضلع سیالکوٹ احسان دیال، ناظم الامور تحریک ضلع سیالکوٹ سید علی حسین بخاری، کمانڈر مختار فورس رضاکار صوبہ پنجاب اور دیگر نے بھی خطاب کیا.


