پیپلز پارٹی نے محنت کش طبقے اور غریب عوام کے مفاد کو ہمیشہ ترجیح دی ہے۔ خالد نواز بوبی
پی ایل بی کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری کو ضلعی تنظیمی ڈھانچہ ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت
پیپلز لیبر بیوروکے اجلاس سے صوبائی صدر سید نذر شاہ، سہیل مختار، سجاد حسین ساجد اور دیگر مزدور راہنماؤں کا خطاب
راولپنڈی (نیوزرپورتر) پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدرسردار اشعر حیات خان اور ڈویژنل جنرل سیکرٹری ملک خالد نواز بوبی نے کہا ہے کہ پیپلز لیبر بیورو پارٹی کا ایک اہم ونگ ہے محنت کش طبقہ معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے مزدور مطمئن اور خوشحال ہوگا تو معیشت کا پہیہ چلے گا اور ملک ترقی کرے گا یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے مزدور و تنخواہ دار طبقے، صنعتی کارکنوں اور محنت کش عوام کے مفاد اور فلاح و بہبود کو ہمیشہ اولین ترجیح دی ہے.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس انیکسی میں پیپلز لیبر بیورو راولپنڈی ڈویژن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پی ایل بی کے صوبائی صدر سید نذر حسین شاہ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ ڈپٹی جنرل سیکرٹری راجہ پرویز اختر، صوبائی سیکرٹری اطلاعات سجاد حسین ساجد، ڈویژنل جنرل سیکرٹری سہیل مختار، سٹی صدر راجہ عبدالمجید، راجہ عمران، افضل جمال قریشی، لئیق شوکت، آصف رسول کھوکھر، جاوید احمد،خرم شہزاد ملک، عشرت علی زیدی، شہزادہ عبدالکریم، خالد محمود اعوان، بدر بشیر بدر، نگاہ حسین، محمد امین صراف، راجہ کامران، محمد حسین اور کامریڈ سجاد مہدی سمیت ضلع راولپنڈی، چکوال، جہلم اور اٹک اور ذیلی تحصیلوں کے دیگر عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس اہم تنظیمی اجلاس میں پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے انفارمیشن سیکرٹری عثمان فاروق ستی، نائب صدر محمد بنارس چوہدری اور ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری راجہ فرزند علی بھی شریک تھے۔
سردار اشعر حیات خان نے پیپلز لیبر بیورو کو ڈویژن بھر میں مزید متحرک، مضبوط اور فعال بنانے کی ضرور ت پر زور دیا انہوں نے ڈویژنل جنرل سیکرٹری سہیل مختار کو ان کی پیپلز پارٹی سے دیرینہ نظریاتی وابستگی اور جدوجہد کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ راولپنڈی ڈویژن اور اس کے ملحقہ اضلاع میں پی ایل بی کا تنظیمی ڈھانچہ ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔
سید نذر حسین شاہ نے پیپلز لیبر بیورو کا خصوصی اجلاس طلب کرنے اور محنت کش طبقے کے مسائل میں ذاتی دلچسپی لینے پر ڈویژنل صدر سردار اشعر حیات خان اور جنرل سیکرٹری خالد نواز بوبی کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات سجاد حسین ساجد نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف کیے جانے والے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جسے شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے اپنی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی کے سینئر راہنما اور پاکستان کے سابق وزیراعظم کے خلاف غیر مصدقہ اور بدنیتی پر مبنی مواد پھیلانے سے گریز کیا جائے۔




