موسمِ گرما اور فوڈ پوائزننگ : کون سی غذائیں زہر بن سکتی ہیں

موسمِ گرما میں اپنی خوراک کے حوالے سے محتاط رہ کر ہی آپ اپنی صحت بحال رکھ سکتے ہیں
شدید گرمی اور بڑھتی ہوئی نمی جراثیم کی افزائش کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتی ہے
چٹنی، دہی، کٹے ہوئے پھلوں، گوشت اور اسٹریٹ فوڈ جیسی غذاؤں میں جراثیم تیزی سے پرورش پاتے ہیں

اسلام آباد:موسم گرما کی آمد کے ساتھ ہی پیٹ کے امراض میں اضافہ ہو جاتا ہے اہم بات یہ ہے کہ اس گرم موسم میں صحت مند رہنے کےلئے کن غذائوں سے پرہیز ضروری ہے۔ شدید گرمی اور حبس کےموسم میں پیٹ کے امراض اور فوڈ پوائزننگ کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوجاتا ہے۔ کچھ سنگین صورتوں میں یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔اس پریشان کن صورتحال کی سب سے بڑی وجہ شدید گرمی اور بڑھتی ہوئی نمی ہے جو جراثیم کی افزائش کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتی ہے۔
ماہرینِ غذائیت کے مطابق گرمی کا موسم فوڈ پوائزننگ کے خطرات کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔ کیونکہ بلند درجہ حرارت میں بیکٹیریا انتہائی تیزی سے پرورش پاتے ہیں، خاص طور پر چٹنی، دہی، کٹے ہوئے پھلوں، گوشت اور اسٹریٹ فوڈ جیسی غذاؤں میں۔حیران کن بات یہ ہے کہ بعض اوقات کھانا خراب ہو چکا ہوتا ہے لیکن اس سے بدبو نہیں آتی، جس کی وجہ سے لوگ اسے کھا کر بیمار پڑ جاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کھلے عام بکنے والا اسٹریٹ فوڈ گرمیوں میں صحت کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن جاتا ہے۔ کیونکہ کھانا گھنٹوں کھلی ہوا میں پڑا رہتا ہے۔اس کے علاوہ پکانے کے لیے ایک ہی تیل کو بار بار گرم کر کے استعمال کیا جاتا ہے اورشدید گرمی میں ان ٹھیلوں یا دکانوں پر کھانے کو ٹھنڈا رکھنے (ریفرجریشن) کا کوئی مناسب انتظام نہیں ہوتا۔
گرمیوں کے عروج پر آپ کا معدہ روزانہ ایک کڑے امتحان سے گزرتا ہے۔ یہ آپ کے معدے کی حساسیت نہیں، بلکہ شدید گرمی کی وجہ سے غذاؤں میں تیزی سے پنپنے والے خطرناک جراثیم کا حملہ ہوتا ہے۔
فوڈ پوائزننگ کی عام علامات میں متلی اور بار بار قے آنا ،پیٹ میں شدید درد اور مروڑ اٹھنا اسہال (ڈائریا) کا شکار ہونا ہلکا بخار، سر درد اور جسمانی کمزوری محسوس ہوناشامل ہیں۔
گرمیوں میں فوڈ پوائزننگ سے بچنے کے مؤثر طریقے
اس موسم میں اپنی صحت کو برقرار رکھنے اور بیماریوں سے بچنے کے لیے ماہرین کی جانب سے بتائی گئی ان تدابیر پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ہمیشہ گھر کا بنا ہوا تازہ اور گرم کھانا کھائیں۔ زیادہ درجہ حرارت پر پکنے کی وجہ سے غذا میں موجود زیادہ تر جراثیم مر جاتے ہیں، جو اسے محفوظ بناتا ہے۔
بازار سے ملنے والے یا گھر میں دیر تک کھلے رکھے گئے کٹے ہوئے پھل ہرگز استعمال نہ کریں کیونکہ ان پر بیکٹیریا تیزی سے حملہ آور ہوتے ہیں۔ پھل اسی وقت کاٹیں جب آپ نے اسے کھانا ہو۔
ڈیری مصنوعات کے استعمال میں احتیاط برتیں۔ دودھ، پنیر، اور دہی جیسی اشیاء گرمی میں بہت جلدی خراب ہوتی ہیں۔ انہیں ہمیشہ فریج میں رکھیں اور استعمال سے پہلے ان کی تازگی ضرور جانچ لیں۔
گرمیوں میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں، لیکن اس بات کو یقینی بنائیں کہ پانی اُبلا ہوا یا فلٹر شدہ ہو۔ بازار کے کھلے مشروبات اور ان میں ڈالی جانے والی غیر معیاری برف کے استعمال سے پرہیز کریں۔
پکا ہوا کھانا 2 گھنٹے سے زیادہ باہر مت چھوڑیں۔ بچ جانے والے کھانے کو فوری طور پر فریج میں محفوظ کریں۔خراب بو والے کھانے کو فوراً پھینک دیں۔ اگر کسی بھی کھانے سے تھوڑی سی بھی عجیب یا کھٹی بو آ رہی ہو، تو اسے چکھنے کی غلطی نہ کریں اور فوراً ضائع کر دیں۔گرمی میں صرف تازہ، صاف اور صحت بخش غذا کا انتخاب کرکے آپ پیٹ کی ان خطرناک بیماریوں سے بآسانی محفوظ رہ سکتے ہیں۔