چولستان کے دوردراز علاقوں میں کامسٹیک کامفت طبی کیمپ


کیمپ دو روزتک جاری رہے گا ، 1500 سے افراد مستفید ہوں گے
دل، آنکھ، جلد، گائنی اور دیگر امراض کے مریضوں کا مفت معائنہ اور ادویات فراہم کی جائیں گی

< اسلام آباد ( نیوزرپورٹر)او.آئ سی-کامسٹیک ہیڈکوارٹرز 18 اور 19 جون 2026 کو جنوبی پنجاب کی سرحدی تحصیل فورٹ عباس میں دو روزہ مفت طبی کیمپ منعقد کرے گا جس سے چولستان کے مختلف دوردراز دیہات کے تقریباً 1500 افراد مستفید ہوں گے۔ یہ طبی کیمپ پیشنٹ و چائلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن فورٹ عباس اور محکمہ صحت حکومت پنجاب کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ فورٹ عباس پنجاب کی آخری تحصیل ہے جو بھارت کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ کیمپ میں 15 سینئر مرد و خواتین ڈاکٹرز اور طبی ماہرین اپنی خدمات انجام دیں گے۔ ان میں ماہر امراض قلب، چائلڈ اسپیشلسٹ ،ماہر امراض جلد، ماہر امراض چشم، ماہر امراض معدہ و جگر، گائناکالوجسٹ،فزیوتھراپسٹ، جنرل فزیشنز، لیڈی ڈاکٹرز اور ناک، کان و گلہ کے ماہرین شامل ہیں۔ بہاولنگر کے معروف معالجین جن میں سابق چیف سرجن وکٹوریہ ہسپتال بہاول پور ڈاکٹر عابد حسین۔سابق ایم ایس تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال فورٹعباس ڈاکٹر راو شاہد تسلیم۔سابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر و انچارج مروٹ سٹی ہسپتال ڈاکٹر محمد طارق اور ماہر امراض چشم ڈاکٹر قاسم و ٹیم شامل ہیں۔ کیمپ کے دوران مریضوں کا مفت طبی معائنہ، مشاورت، ابتدائی تشخیص اور ادویات فراہم کی جائیں گی جبکہ خواتین، بچوں اور بزرگ شہریوں کو خصوصی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اپنے بیان میں کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ ایسے طبی کیمپ ان سینکڑوں افراد کے لیے امید کی کرن ہیں جو مالی مشکلات یا دوری کے باعث ماہر ڈاکٹرز تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے۔ انہوں نے کہا کہ فورٹ عباس اور چولستان کے دوردراز صحرائی علاقوں میں اس کیمپ کا مقصد معیاری طبی خدمات کو عام آدمی کی دہلیز تک پہنچانا اور مستحق افراد کو مفت علاج اور ادویات فراہم کرنا ہے انہوں نے مزید کہا کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ فورٹعباس سے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری کاشف نوید پنسوتہ نے کامسٹیک کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورٹ عباس اور چولستان کے عوام اس طبی کیمپ کو ایک بڑی سہولت کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے براہ راست مستحق افراد کو فائدہ پہنچے گا اور دوردراز علاقوں کے لوگوں کو ماہر ڈاکٹرز سے مشاورت کا موقع ملے گا۔انہوں نے طبی کیمپ کے انعقاد میں کردار ادا کرنے پر کامسٹیک، پیشنٹ اینڈ چائلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن فورٹعباس اور محکمہ صحت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ کامسٹیک اس سے قبل سندھ کے صحرائی علاقے چھاچھرو، خیبر پختونخوا، مظفرگڑھ اور افریقی ممالک چاڈ اور نائیجر میں بھی مفت طبی اور آئی کیمپس منعقد کر چکی ہے، جن سے ہزاروں افراد مستفید ہوئے۔ یہ اقدامات کامسٹیک کے صحت کے لیے شروع کیے جانے والے اقدامات کے سلسلے کی کڑی ہیں۔