وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران دونوں ممالک میں 8 معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ گزشتہ 10 سال میں مجموعی طور پر اتنی سرمایہ کاری پاکستان میں نہیں آئی جتنی تحریک انصاف کی حکومت صرف ایک ملک سے لے کر آرہی ہے۔سعودی ولی عہد کے دورے کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم کی کاوشوں سے دوطرفہ تعلقات میں خوشگوارتبدیلی آئی، ملکی تاریخ میں سعودی عرب سے اتنا بڑا وفد نہیں آیا ، اس وفد میں کاروباری افراد، کمپنیوں کے سربراہ شامل ہوں گے۔سعودی عرب کے ساتھ کم از کم 8 معاہدوں پردستخط ہوں گے، معاہدوں کومکمل کرنے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا اور سعودی عرب کے ساتھ کوآرڈینیشن کونسل تشکیل دیں گے۔ گزشتہ دونوں جماعتیں اپنے 10 سال میں مجموعی طور پر جتنی سرمایہ کاری لائی تحریک انصاف کی حکومت صرف ایک ملک سے ہی اتنی سرمایہ کاری لے کر آرہی ہے۔ معاشی سفارتکاری پر فوکس کریں گے تاکہ پاکستان کو معاشی اور مالی مشکل سے نکال سکیں اور کشکول سے ہماری جان چھوٹے۔



