عدالتی فیصلے پر عملدرآمد،شاہ اللہ دتہ، سنگجانی اور ملحقہ علاقوں میں جائیدادوں کی خرید و فروخت پر پابندی ختم

یہ پابندی یکم دسمبر 2023کے مراسلے کی بنیاد پر عائد کی گئی جو کسی قانونی اختیار کے بغیر تھی، عدالت کا فیصلہ

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) ڈپٹی کمشنر/کمشنر (ریونیو) اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے 30 جون 2026 کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے شاہ اللہ دتہ، سنگجانی، سراۓ خربوزہ اور دیگر ملحقہ ریونیو اسٹیٹس میں جائیدادوں کی خرید و فروخت، رجسٹری اور انتقالات (Mutations) پر عائد انتظامی پابندیاں فوری طور پر واپس لے لی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عدالتِ عالیہ نے قرار دیا ہے کہ یکم دسمبر 2023 کے مراسلے کی بنیاد پر عائد کی گئی عمومی پابندی، جو کسی قانونی نوٹیفکیشن یا قانونی اختیار کے بغیر نافذ کی گئی تھی، قانون کے مطابق مؤثر نہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں یا زمین کے غیر مجاز استعمال سے غیر متعلق حقیقی (بونا فائیڈ) لین دین کو روکا نہیں جا سکتا۔
ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ کلیکٹر اسلام آباد کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ ریونیو افسران کو ضروری احکامات جاری کریں تاکہ عدالت کے فیصلے پر فوری اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ نوٹیفکیشن کی نقول سی ڈی اے، بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔