سیکرٹری مذہبی امور نے صدارت کی،وزارتِ داخلہ، خارجہ، مواصلات، سول ایوی ایشن اتھارٹی و دیگر محکموں کے نمائندے شریک ہوئے
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزارت مذہبی امور کی نئی زیارات مینجمنٹ پالیسی پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس سیکرٹری مذہبی امور کے زیر صدارت وزارت مذہبی امور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارتِ داخلہ، خارجہ، مواصلات، سول ایوی ایشن اتھارٹی و دیگر محکموں کے نمائندے شریک ہوئے۔
اجلاس میں ایران، عراق زائرین کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایرلائنز کو زائرین کے فضائی سفر میں ہر ممکن سہولت دینے کی ہدایت کی گئی ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نئی زیارات پالیسی کے تحت 262 زیارت گروپ آرگنائزرز (ZGOs) کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔ایران ، عراق زائرین کو صرف وزارت مذہبی امور کے رجسٹرڈ ZGOs سے بکنگ کروانے کی ہدایت کی گئی۔ زائرین کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ بکنگ سے قبل وزارت کی ویب سائٹ پر لائسنس یافتہ ZGOs کی فہرست ضرور ملاحظہ فرمائیں غیر مجاز افراد یا کمپنی سے بکنگ کی صورت میں وزارتِ مذہبی امور ذمہ دار نہیں ہو گی۔


