
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی آزادی لاکھوں قربانیوں کا ثمر ہے اب ہماری ذمہ داری ہے کہ اس ملک کو دفاعی کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر بھی مضبوط اور مستحکم بنائیں۔یوم آزادی کے موقع پر جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے تقاضے ہیں کہ ہم سیاسی، گروہی، لسانی اور علاقائی تقسیم سے بالاتر ہو کر قومی وحدت کا عملی ثبوت دیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کسی ایک سیاسی جماعت، طبقے یا ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری قوم کو مشترکہ قومی مقصد کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا_کاشف چوہدری نے کہا کہ مضبوط دفاع کے ساتھ مضبوط معیشت ہی ایک خودمختار اور باوقار پاکستان کی ضمانت ہے_حکومت، سیاسی قیادت، تاجر برادری، صنعتکار، کسان، مزدور، نوجوان اور تمام طبقات کو قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے معاشی سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے، صنعت و تجارت کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی_انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن قومی مفاد پر ہمیں متحد ہونا ہوگا سیاسی اختلافات کو دشمنی، لسانی و علاقائی تعصبات اور گروہی مفادات میں تبدیل کرنے کے بجائے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کو اولین ترجیح بنایا جائے_
کاشف چوہدری نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں یہ عہد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم قائداعظم محمد علی جناح کے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال، خودمختار اور معاشی طور پر مستحکم ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی عطا فرمائے اور پوری قوم کو متحد ہو کر ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کرنے کی توفیق دے_
یومِ آزادی: قومی وحدت اور معاشی و دفاعی استحکام ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے، کاشف چوہدری




