اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اسلام آباد پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئےایک لاکھ امریکی ڈالر تاوان کی غرض سے اغوا کیے گئے غیر ملکی شہری کو کچھ گھنٹوںکے اندر بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے.
غیر ملکی شہری کو صبح سیکٹر G-8 سے اسلحہ کے زور پر اغوا کیا گیا تھا اور ملزمان نے رہائی کے بدلے ایک لاکھ امریکی ڈالر تاوان طلب کیا.
اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے واقوع کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی محمد خرم اشرف کی زیرِ نگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں۔پولیس ٹیموں نے جدید تکنیکی ذرائع اور ہیومن انٹیلیجنس کو بروئے کار لاتے ہوئے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔کامیاب کارروائی کے دوران تھانہ سہالہ کی حدود سے مغوی غیر ملکی شہری کو بحفاظت بازیاب کرا لیاگیا اور غیر ملکی شہری کے اغوا میں ملوث 09 ملزمان گرفتارکر لیا گیا ہے.
ملزمان نے دوران واردات اسلحہ کے زور پر دیگر سٹاف سے نقدی،قیمتی موبائل فونز اور اشیاء بھی چھین لی تھیں. گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی 03 گاڑیاں، چھینی گئی نقدی اور موبائل فونز برآمد کر لئے گئے.گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا ہے کہ شہریوں بالخصوص غیر ملکی باشندوں کی جان و مال سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اغوا برائے تاوان کی سنگین واردات میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔قاضی علی رضا نے کہا اسلام آباد پولیس شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور اور مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
پولیس کی بروقت کاروائی تاوان کے لئے اغوا غیر ملکی شہری چند گھنٹوں میں بازیاب



