مسیحی برادری نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیاہے، شیخآفتاب احمد
اٹک(نمائندہ خصوصی) رکن قومی اسمبلی و ممبر سپریم جوڈیشل کمیشن شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ مسیحی برادری نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت پر لبیک کہتے ہوئے قیام پاکستان میں بھرپور ساتھ دیا اور اپنی حب الوطنی کا ثبوت دیا، مسیحی برادری کے افراد مسلح افواج، اعلیٰ سول سروسز، عدلیہ اور زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دے کر پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عام انتخابات میں مریم کالونی کے رہائشیوں سے بجلی فراہمی کے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے 34 لاکھ روپے کی لاگت سے فراہمی بجلی و ٹرانسفارمر کا سنگ بنیاد رکھنے کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا .
منصوبہ سے 500 خاندان بجلی جیسی بنیادی سہولت سے مستفید ہوں گے،شیخ آفتاب احمد کی مریم کالونی آمد پر مسیحی برادری کے رہنماؤں اور اہل علاقہ نے ان کا شاندار استقبال کیا،مسیحی برادری کے رہنما اقلیتی ممبر شہزاد سلیم،فادر کاشف جمیل، سابق کونسلر فرخ مغل ، سابق کونسلر شیں باغ سجاد اور دیگر نے اٹک کی تعمیر و ترقی کے لیے شیخ آفتاب احمد کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئین و قانون کے تحت تحفظ اور دیگر شہریوں کی طرح مساوی شہری حقوق حاصل ہیں، جبکہ اقلیتی برادریاں آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مسیحی برادری کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی اپنائی ہے اور اٹک میں مسیحی برادری کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی.
،پاکستان میں اقلیتوں کو آئین و قانون کے تحت مذہبی آزادی اور شہری حقوق حاصل ہیں،جبکہ ملک میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی مذہبی رسومات اور تقریبات آزادی کے ساتھ ادا کرتے ہیں.



