عازمین حج ایسے ٹور آپریٹرز کے خلاف آن لائن شکایات درج کراسکتے ہیں،وزارت مذہبی امور
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے پرائیویٹ حج سکیم کے تحت عازمین حج کی جانب سے موصول ہونے والی ان شکایات کا نوٹس لے لیا ہے جن میں بعض عازمین نے بتایا ہے کہ حج پورٹل پر متعلقہ ٹور آپریٹر کی نشستیں دستیاب ظاہر ہونے کے باوجود رابطہ کرنے پر انہیں کوٹہ مکمل ہونے کا بتایا جا رہا ہے۔
وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی عازم حج کو ایسی صورتحال کا سامنا ہو تو وہ اس کی باقاعدہ شکایت وزارت کو درج کروا سکتا ہے۔ عازمین حج پاک حج ایپ کے ’’انکوائری‘‘ آپشن کے ذریعے اپنی شکایت درج کرائیں یا سیکشن آفیسر مانیٹرنگ وزارتِ ہذا کو آفیشل ای میل somonitoring@mora.gov.pk کے ذریعے شکایت ارسال کریں۔
وزارت کی جانب سے موصول ہونے والی ایسی شکایات کا جائزہ لیا جائے گا اور حج پورٹل پر ظاہر ہونے والے دستیاب کوٹے اور متعلقہ ٹور آپریٹر کی جانب سے فراہم کردہ معلومات میں فرق کی صورت میں معاملے کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور ایسی شکایات کو کمپنی ست متعلق مانیٹرنگ رپورٹ کا حصہ بنایا جائے گا
وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ایسے معاملے میں خاموش رہنے کے بجائے متعلقہ تفصیلات، ٹور آپریٹر کا نام اور دستیاب معلومات اور ثبوتوں کے ساتھ وزارت کے شعبہ مانیٹرنگ کو آگاہ کریں تاکہ شکایت کا بروقت ازالہ کیا جا سکے ۔وزارت نے مزید کہا ہے کہ پرائیویٹ حج سکیم میں عازمین حج کے مفادات کا تحفظ اور بکنگ کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانا اس کی ترجیحات میں شامل ہے



