جاپان اور پاکستان کے درمیان سماجی بہبود کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

جاپان کے اعزازی قونصل جنرل ندیم شاہ سے سابق وفاقی وزیر روشن خورشید بروچہ کی ملاقات

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)سابق نگران وفاقی وزیر اورایس او ایس چلڈرن ویلج پاکستان کی چیئرپرسن روشن خورشید بروچہ نے جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ سے ملاقات کی۔جاپان قونصلیٹ میں ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، سماجی بہبود، بچوں کی فلاح و بہبود اور پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ روابط کے فروغ سمیت سماجی و فلاحی شعبے میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر روشن خورشید بروچہ نے ایس او ایس چلڈرن ویلج پاکستان کی جانب سے یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت، تعلیم و تربیت اور بہتر مستقبل کی فراہمی کیلئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔سید ندیم عالم شاہ نے سماجی بہبود اور بچوں کی فلاح کیلئے ایس او ایس ولیج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تعلیم، صحت ، محفوظ ماحول کی فراہمی اور فلاح کیلئے کام کرنے والے ادارے معاشرے کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ فلاحی اداروں کی خدمات اس حوالے سے قابل قدرہیں۔روشن خورشید بروچہ نے کہا کہ معاشرے کے محروم اور ضرورت مند طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے سرکاری و نجی اداروں کےساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دونوں شخصیات نے اس امر پر اتفاق کیا کہ انسانی بہبود اور معاشرتی ترقی کیلئے باہمی روابط اور تعاون کو مزید وسعت دی جانی چاہیے۔ملاقات کے اختتام پر روشن خورشید بروچہ نے سید ندیم عالم شاہ کا شکریہ ادا کیاجبکہ دونوں جانب سے مستقبل میں سماجی بہبود کے حوالے سے رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔