وزارتِ داخلہ میں بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلیاں

عہدوں اور ونگز کے نام تبدیل،کام کی تفصیلی تقسیم بعد میں جاری کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وفاقی وزارتِ داخلہ میں بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلیاں کرتے ہوئے مختلف عہدوں اور ونگز کے نام تبدیل جبکہ کام کی ازسرِنو تقسیم کر دی گئی ہے۔ وزارتِ داخلہ نے اس حوالے سے آفس آرڈر جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
آفس آرڈر کے مطابق آئی سی ٹی اور سی ڈی اے ونگ کو اسپیشل سیکرٹری کے ماتحت کر دیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیشنل انسٹرومنٹس ونگ کا نام تبدیل کرکے انٹرنیشنل کوآپریشن ونگ رکھ دیا گیا ہے۔ مذکورہ ونگ بھی اسپیشل سیکرٹری کے ماتحت ہوگا۔
فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) عاصم ایوب کو جوائنٹ سیکرٹری انٹرنیشنل کوآپریشن تعینات کر دیا گیا ہے۔ جوائنٹ سیکرٹری لا کی آسامی کا نام تبدیل کرکے جوائنٹ سیکرٹری ویزا اینڈ سٹیزن شپ رکھ دیا گیا ہے، جبکہ طارق سلام کو اس عہدے کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔
ڈپٹی سیکرٹری ایف اے ٹی ایف کا نام تبدیل کرکے ڈپٹی سیکرٹری ٹریٹی کمپلائنس اینڈ ایف اے ٹی ایف رکھ دیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی سیکرٹری انٹرنیشنل انسٹرومنٹس اینڈ پالیسیز کو اب ڈپٹی سیکرٹری ٹریٹیز اینڈ نیگوشی ایشنز کہا جائے گا۔ اسی طرح ڈپٹی سیکرٹری پولیٹیکل ایکسٹرنل کا نام تبدیل کرکے ڈپٹی سیکرٹری ویزا رکھ دیا گیا ہے۔
وزارتِ داخلہ میں ڈپٹی سیکرٹری سٹیزن شپ کی نئی آسامی بھی قائم کی گئی ہے، جس پر عزیر احمد کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ آئی ٹی سیل کو جوائنٹ سیکرٹری ایڈمن کے ماتحت کر دیا گیا ہے۔
آفس آرڈر کے تحت مختلف سیکشنز کے نام بھی تبدیل کیے گئے ہیں۔ سیکشن آفیسر ایف اے ٹی ایف اب سیکشن آفیسر ٹریٹی کمپلائنس اینڈ ایف اے ٹی ایف، سیکشن آفیسر آئی سی ٹو سیکشن آفیسر ایم ایل اے، سیکشن آفیسر آئی ٹی اے ون سیکشن آفیسر ملٹی لیٹرل ٹریٹیز اور سیکشن آفیسر آئی ٹی اے ٹو سیکشن آفیسر بائی لیٹرل ٹریٹیز کہلائے گا۔اسی طرح سیکشن آفیسر پولیٹیکل ایکسٹرنل کا نام سیکشن آفیسر فارن کوآرڈینیشن، سیکشن آفیسر ویزا کا نام ویزا ون، سیکشن آفیسر انڈیا ون کا نام ویزا ٹو اور سیکشن آفیسر آئی سی ون کا نام ایکسٹراڈیشن اینڈ انٹرپول رکھ دیا گیا ہے۔ سیکشن آفیسر پولیس کو اب سیکشن آفیسر پولیس / سی ڈی کہا جائے گا۔
آفس آرڈر کے مطابق نادرا، سکیورٹی اور این اے پی / نیکٹا سے متعلق سیکشن آفیسرز نئے ڈپٹی سیکرٹری کے ماتحت ہوں گے، جبکہ آرمز، اے این ایف اور ایف آئی اے سے متعلق سیکشن آفیسرز کو بھی نئے ڈپٹی سیکرٹریز کے ماتحت کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کے کام کی تفصیلی تقسیم بعد میں جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔