فیاض الحسن چوہان سے استعفیٰ لے لیا گیا

  ہندو برادری کے خلاف بیان پر پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان سے استعفیٰ لے لیا گیا۔فیاض الحسن چوہان کے متنازعہ بیان پر وزیراعظم عمران خان نے اظہار ناراضگی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ایکشن کرنے کی ہدایت کی تھی ۔وز یر اعظم نے اس بیان کو نا منا سب قرار دیتے ہوئے ہدایت جاری کی تھی کہ کسی اقلیت کے خلاف مذہبی بنیاد پر بیان برداشت نہیں کیا جائے گا۔ادھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیاض الحسن چوہان سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہندو برادری کے بارے متنازع بیان سے حکومت کو سبکی ہو رہی ہے۔فیاض الحسن چوہان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو وضاحت بھی پیش کی تاہم اس وضاحت کو قبول نہ کیا گیا اور انہیں عہدے سے فارغ کردیا گیا ۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق فیاض الحسن چوہان کی جگہ اب صمصام بخاری کو پنجاب کا وزیر اطلاعات بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔