، وزیر اعظم کے معاون خصوصی پیٹرولیم ندیم بابر کی مہدی ہنردوست سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنردوست نے کہا ہے کہ ایران سی پیک میں اہم کردار ادا کرنے کو تیار ہے، تہران اور اسلام آباد باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کے خواہشمند ہیں،وزیر اعظم کے معاون خصوصی پیٹرولیم ندیم بابر نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کی سرحد پرروک تھام میں تعاون ہوگا ایران اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات ہونے چاہیں۔بدھ کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی پیٹرولیم ندیم بابرسے ایرانی سفیر مہدی ہنردوست نے ملاقات کی،ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ ایران اور دوطرفہ تعلقات،خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے استحکام اور فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ تہران اور اسلام آباد باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کے خواہشمند ہیں،سی پیک میں ایران بھی اہم کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ اس موقع پر ندیم بابر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات ہونے چاہیں،پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کی سرحد پرروک تھام میں تعاون ہوگا۔


