اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وفاقی سیکرٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین صنعت و تجارت اور سیاحت کے فروغ کے لئے باہمی تعاون کے نئے سفر پرگامزن ہیں۔ ترقی و خوشحالی کا یہ سفر خطہ بھر کے ممالک کو معاشی و اقتصادی طور پر مزید مستحکم کرنے میں مدد دے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تناظر میں پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے دونوں ممالک کے ماہرین کے اجلاس کے اختتام پر متفقہ نکات پر دستخط کے موقع پر کیا۔ قبل ازیں دونوں ممالک کے وفود میں فروغ تجارت پر وزارت مواصلات کے کانفرنس روم میں تفصیلی غور خوص ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حویلیاں، تھاکوٹ، سیکشن پر تعمیراتی کام مارچ 2020 تک مکمل ہوجائے گا۔ اجلاس میں گاڑیوں کے درائیورز اور عملہ کو ملٹی پل ویزوں کے اجراء کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر پاک چین تجارتی دائرہ کار کو توسیع دینے اور مسافروں اور تجارتی اشیاء کی نقل و حمل کو آسان بنانے کے لئے دو طرفہ روڈ ٹرانسپورٹ ایگریمنٹ پر موثر انداز میں عملدرآمد کے لئے مذکورہ بالا نکات پر اتفاق کیا گیا اور دستخط کئے گئے۔



