پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت رشکئی میں سپیشل اکنامل زون کا سنگ بنیاد رکھنے کی تیاریاں مکمل

پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت رشکئی میں سپیشل اکنامل زون کا سنگ بنیاد رکھنے کی تیاریاں مکمل
پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت ملک میں مجموعی طور پر 9 مقامات پر خصوصی اکنامک زونز بنیں گے
وزیراعظم اگلے چند روز میں ایک ہزار ایکٹر پر مشتمل سپیشل اکنامک زون کے تعمیراتی کام کا باقاعدہ افتتاح کریں گے

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت رشکئی میں خیبرپختون خو ا حکومت کے فلیگ شپ منصوبے سپیشل اکنامل زون کا سنگ بنیاد رکھنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔وزیراعظم عمران خان اگلے چند روز میں ایک ہزار ایکٹر پر مشتمل سپیشل اکنامک زون کے تعمیراتی کام کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ چین کی کمپنی روڈ اینڈ بریج کارپوریشن رشکئی اکنامل زون میں افراسٹرکچر کی تعمیر پر 130 ملین ڈالر خرچ کرے گی۔ اس کی تکمیل سے صنعتی زون میں اربوں روپے کی ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ سپیشل اکنامک زون دولاکھ سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔رشکئی سپیشل اکنامک زون موٹروے ایم ون رشکئی انٹر چینج پر واقع ہے جو برہان انٹر چینج کے ذریعے سی پیک سے ملتا ہے۔ جبکہ کرنل شیر خان انٹر چینج سے سوات ایکسپریس وے کے ذریعے دیر، چترال، اور شندور کو آپس میں ملاتا ہے۔ خیبر پختون خوا اکنامک زون ڈیویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی(کے پی ایزمک) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سعید احمد کے مطابق ایک ہزار ایکٹر پر مشتمل خصوصی اقتصادی زون میں ادویہ سازی، ٹیکسٹائل، خوراک و مشروبات، سٹیل اور انجنئیرنگ کے شعبہ سے وابستہ صنعتیں قائم ہوں گی۔اب تک پلاٹوں کے حصول کے لئے 120 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ اکنامک زون میں صنعتوں کو ٹیکس سے دس سال کے لئے چھوٹ ہو گی اور اس کے لئے مشینری کی درآمد بھی فری ہوگی۔ عالمی معیار کا یہ اقتصادی زو ن تین مراحل میں مکمل ہوگاجس میں پہلا مرحلہ دو سال میں مکمل ہوگا۔ یاد رہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت ملک میں مجموعی طور پر 9 مقامات پر خصوصی اکنامک زونز بننے ہیں۔ جن میں سندھ میں دو جبکہ باقی تینوں صوبوں میں ایک ایک اقتصادی زون بنے گا۔ اس کے علاوہ انضمام شدہ فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی ایک ایک سپیشل اقتصادی زون بنے گا۔