ہمسایہ ممالک کیساتھ برابری کی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کی پالیسی تیار

عید کے بعد وزارت داخلہ نے سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کرنے کے احکامات جاری کر دے

وفاقی حکومت کی جانب سے ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کی پالیسی تیار کردی گئی جبکہ ’’سکھ مسلم پیار‘‘ کو بڑھاوا دینے کی غرض سے وزارت داخلہ حکومت پاکستان نے پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کو عید الفطر کی تعطیلات کے فورا بعد سکھ یاتریوں کے دو جتھوں کو دس دس روز کے لئے ویزے جاری کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔ ذرائع کے مطابق  وزارت داخلہ حکومت پاکستان نے نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشن کو ہدایت کی ہے کہ14جون سے 23جون تک جوڑ میلہ /گورو ارجن دیو سنگھ کی شہیدی تقریبات اور27جون سے 6جولائی 2019 تک جاری رہنے والی مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی تقریبات میں شرکت کے لئے ویزہ اپلائی کرنے والے سبھی سکھ یاتریوں کو قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے ویزے جاری کر دئیے جائیں ۔ذرائع کے مطابق سیکورٹی خدشات کے پیش نظر متروکہ وقف املاک بورڈ حکام نے محکمہ داخلہ پنجاب، پنجاب رینجرز، پنجاب پولیس، سپیشل برانچ، محکمہ صحت پنجاب، ریسکیو 1122،کے علاوہ لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب،راولپنڈی ، گوجرانوالہ، ننکانہ صاحب کی ضلع حکومتوں کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ پلان ترتیب دے دیا ہے ۔ سیکورٹی خدشات کے پیش نظرسکھ یاتریوں کی بھارت سے خصوصی ٹرینوں کے ذریعے واہگہ ریلوے سٹیشن آمد اور واپسی کے مواقع پر واہگہ ریلوے سٹیشن اور گردونواح کا علاقہ’’نو گو ایریا‘‘ قرار دے دیا جائے گا۔ سکھ یاتریوں کی حفاظت کی غرض سے سکھ یاتریوں کی مقامی دوستوں کے ہمراہ شیڈول سے ہٹ کر پاکستان یاترا کے پروگرامز کی بھی حوصلہ شکنی کی جائے گی ۔