وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا میں منگل کو عید کا فیصلہ درست ہے۔ اب صوبے میں تین کی بجائے ایک عید ہوگی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمان ہر عید کے موقع پر ہی نمودار ہوتے ہیں۔
لاہور پریس کانفرنس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عدلیہ کے حوالے سے شکایت آتی ہے تو اس کے حل کا فورم سپریم جوڈیشل کونسل ہے۔ اس میں جانا کون سا غیرآئینی اقدام ہے۔ عمران خان نے دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ لگایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی حدود کاخیال ہے۔ آئین اور قانون سے باہرکوئی اقدام نہیں۔ پاکستان میں مسائل کو حل کرنے کے بجائےکارپیٹ کے نیچے چھپایا جاتا رہا ہے مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔
اپنے پیش رو پر طنز کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فواد چوہدری نوبال پر چھکے مارتا ہے۔ فواد کو چاہئے کے کریز میں رہ کر کھلینے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف جب گھر تشریف لاتے ہیں تو بیماری کی تشخص کے لیے وقت نہیں ملتا۔ جیل جاتے ہیں تو بیماری یاد آجاتی ہے۔ مریم بی بی چاہتی ہےکہ قیدی کو ملنے کا ضابطہ ان کے تابع ہو جائے۔


