نواز شریف کی صحت کو خطرہ لاحق ہے ملنے نہیں دیا جارہا ، مریم نواز مریم نواز کو بیمار والد سے نہ ملنے دینا قابل افسوس ،سلیکٹڈ حکمران پہلے انسان پھر حکمران بنیں بلاول

 

مریم نوازنے کہا ہے کہ نوازشریف کی صحت کو خطرہ لاحق ہے اورحکومت سے درخواست کے باوجود انہیں عید کے موقع پر اپنے والد سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی۔ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں مریم نوا نے کہا ظلم، نفرت اور انتقام کی غلیظ سیاست کرنے والوں کو نہیں بھولنا چاہیے کہ اللہ دنوں کو الٹتا پھیرتا رہتا ہے۔ ہمیشہ کی بادشاہی اسی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلی و سیاسی مقدمات میں قید نوازشریف کی صحت کوخطرہ لاحق ہے۔ جو بیٹی کو اپنے باپ سے ملنے کی اجازت نہ دیں۔ ان سے بڑا ظالم کون ہوگا۔دوسری طرف نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان نے بتایا کہ سابق وزیراعظم سے جیل میں ملاقات ہوئی اور ان کا طبی معائنہ کیا۔ صبح 4 بجے نواز شریف کی طبیعت خراب ہوئی۔ سانس رکنے لگی تھی۔ انہوں نے گارڈ سے درخواست کی کہ کوٹھری کا دروازہ کھول دیا جائے۔ نائٹریٹ اسپرے لینے کے بعد ان کی حالت سنبھلی۔ ان کی زندگی کو خطرہ ہے اور یہ ایک انتباہ ہے۔
جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مریم نواز کو بیمار والد سے نہ ملنے دینا ناقابل برداشت سلوک ہے۔ سلیکٹڈ حکومت باپ بیٹی کو ملنے سے روک کرکیا پیغام دے رہی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جہاں انسانیت کی بات آجائے وہاں سیاست کو بالائے طاق رکھا جاتا ہے۔ پہلے انسان اور پھر حکمران بنو۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مریم نواز کو نوازشریف سے ملنے کی اجازت دے۔