شمالی وزیرستان: فوجی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، 4 شہید چار زخمی

اسلام آباد:شمالی وزیر ستان میں فوجی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے باعث پاک فوج کے 3 افسران سمیت ایک جوان شہید ہو گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ شامل ہیں، راشد کریم بیگ کا تعلق ہنزہ کے علاقے کریم آباد سے ہے۔ دیگرشہداء میں میجر معیز مقصود بیگ، کیپٹن عارف اللہ، لانس حوالدار ظہیر شامل ہیں۔ واقعہ میں چار جوان بھی زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر معیز کا تعلق کراچی، کیپٹن عارف کا تعلق لکی مروت جبکہ لانس حوالدار ظہیر کا تعلق چکوال سے ہے

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ واقعہ اسی علاقہ میں پیش آیا جہاں فورسز نے چند روز قبل کارروائی کر کے کچھ سہولت کاروں کو گرفتار کیا تھا۔ دہشت گردوں نے خر کمر میں بارودی سرنگ سڑک پر نصب کررکھی تھی۔

خاڑ کمر واقعے میں زخمی ہونے والے 4 فوجیوں کو طبی امداد کی فراہمی کےلئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران10 سیکورٹی اہلکار شہید اور 35 زخمی ہوئے۔

صدر، وزیراعظم کا اظہار افسوس

صدر مملکت عارف علوی نے شمالی وزیرستان میں ہونے والی دہشتگردی کی مذمت کی اور شداء کے اہل خانہ کیساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شر پسند عناصر قبائلی علاقوں میں امن کی بحالی کے دشمن ہیں، قوم شر پسند عناصر کی سازشوں کیخلاف متحد ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کی سخت مذمت کی۔ شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

اس موقع پر عمران خان نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ چند دشمن عناصر قبائلی علاقوں کے غیور عوام کو ورغلا رہے ہیں۔ ریاست ان عناصرکو امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔