اسد عمر کو حکومت کا حصہ دیکھنا چاہتا ہوں شیخ رشید

 

مولانا فضل الرحمان اپنی زمینیں بچا لیں الاٹمنٹ خطرے میں ہے
ایم ایل ون اور نالہ لئی منصوبوں کی تکمیل کے بعد ہالیان راولپنڈی سے اظہار تشکر کے ساتھ سیاست کو خیر باد کہہ دونگا

 

اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے گندے کپڑے میڈیا پر آکر نہ دھوئیں۔اپوزیشن کا ڈرامہ ایک ناکام شو ثابت ہو گا اور اس سے عمران خان کی حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں درپیش ہو گا۔بھارتی میڈیا کے تجزیوں پر لعنت بھیجنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انڈین میڈیا کیلئے تو اکیلا شیخ رشید ہی کافی ہے۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت اور سیاست کو نقصان پہنچانے کیلئے انڈیا ہر جتن کرے گا، انڈیا کے تجزیوں پر لعنت بھیجیں، نوٹس لینے کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا پاک فوج کے ساتھ 20 کروڑ عوام کھڑے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے پی ٹی آئی کو داخلی لڑائیاں اندر تک ہی محدود رکھنے کا مشورہ دے اور کہا کہ کھلاڑیوں کو اپنے گندے کپڑے میڈیا پر آکرنہیں دھونے چاہئیں۔وزیر ریلوے نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے بھی کہہ دیا ہے کہ اپنی زمینیں بچا لیں الاٹمنٹ خطرے میں ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے کہا کہ مہنگائی بے روزگاری بڑھی تو ہے لیکن اس میں قصور عمران خان کا نہیں، ملک کی اس حالت کی ذمہ دار زرداری، نواز، شہباز اینڈ کمپنی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا اپوزیشن کا ڈرامہ ایک ناکام شو ثابت ہو گا اور اس سے عمران خان کی حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں درپیش ہو گا۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ وزیرا عظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان تحریک انصاف متحد ہے اور پی ٹی آئی حکومت عوام سے کیے تمام وعدے پورے کرے گی۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کرپشن،غربت اور بے روزگاری کے خلاف صف آراء ہیں اور حکومتی اخراجات میں اصلاحات اور غریب آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اس خواہش کا اظہار کیاکہ وہ سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو حکومت کا حصہ دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی واضح کیاکہ انہیں اس کام کے لیے کسی نے ٹاسک نہیں دیا بلکہ وہ اپنی مرضی سے یہ کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کے استحکام میں ایک برس لگے گا۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیاکہ پاکستان ریلوے ٹریک پر چڑھ چکا ہے اور اب یہ ایک منافع بخش ادارہ بن چکاہے۔انہوں نے کہاکہ عید الفطر پر پاکستان ریلوے نے مسافروں کو سہولت دینے کے لیے تمام ٹرینوں کے کرایوں میں 50فی صد رعایت کی پیشکش بھی کی تھی۔انہوں نے کہاکہ ملک میں کئی برس سے پائی جانے والی بے روزگاری کے خاتمے کے لیے پاکستان ریلوے بہت جلد قرعہ اندازی کے ذریعے 10,000 ملازمتیں فراہم کرے گا۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاکہ اربوں کی لاگت سے ایم ایل ون اور نالہ لئی منصوبے کی تکمیل سے راولپنڈی کے شہریوں کی تقدیر بدل جائے گی۔اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیاکہ وہ ان دو منصوبوں کی کامیاب تکمیل کے بعد اہالیان راولپنڈی سے اظہار تشکر کے ساتھ سیاست کو خیر باد کہہ دیں گے۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اس موقع پر امت مسلمہ کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔بعد ازاں شیخ رشید احمد لال حویلی میں کارکنان اور عہدیداروں سے عید ملتے رہے۔