عوام دشمن بجٹ کو پارلیمنٹ سے منظور ہونے نہیں دیں گے.بلاول بھٹو زرداری

اکیس جون کو بی بی شہید کی سالگرہ کے دن حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز کریں گے

امید ہے مریم نواز سچائی سے چلیں گی، بلاول

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام دشمن بجٹ کو پارلیمنٹ سے منظور ہونے نہیں دیں گے، حکومت کی اتحادی جماعتوں سے بھی رابطہ کریں گے۔

لاہور میں اعتزاز احسن کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت جاتی ہے تو جائے پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف کا عوام دشمن بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کا اگلا بجٹ پیپلزپارٹی بنائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پہلے بھی موقع دیا، اب بھی دے رہا ہوں، بجٹ کی منظوری کو پارلیمنٹ میں الیکشن کی طرح لیں گے،اس مقصد کےلئے اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے۔

بلاول بھٹونے کہا کہ مریم نواز ان کے ساتھ سچائی سے چلیں گی، ان کے والد نے جمہوریت کے لیے قربانی دی ہے، امید ہے وہ انہیں مایوس نہیں کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ الزام تراشی کی سیاست چلتی رہے گی مگر اختلاف ذاتی نہ ہو، نظریاتی ہو، 21جون کو بی بی کی سالگرہ ہے، اس دن نوابشاہ میں پیپلز پارٹی کا جلسہ ہوگا،وہیں سے حکومت کے خلاف تحریک شروع ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز سے ملاقات میں بجٹ کسی صورت پاس نہ ہونے دینے پر بات ہوئی، میں نے مریم نے اور دیگر نوجوان قیادت نے لمبی سیاسی اننگز کھیلنی ہے