سی پیک کے لئے عظیم کردار ادا کرنے والے خالد مسعود عہدے سے سبکدوش ہوگئے

چینی حکام اور ذرائع ابلاغ میں سی پیک کیلئے عظیم کردار ادا کرنے والے چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد 6سال سے زائد عرصہ تک سفارتی خدمات انجام دینے کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے اکنامک رپورٹ کے مطابق مسعود خالد کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مسعود خالد نے کہا کہ انہوں نے چین کی ترقی اور پیش رفت کوبراہ راست دیکھا ہے اور وہ اس سے بہت متاثر ہوئے ہیں کہ چین نے 8سو ملین افراد کو غربت سے نکالنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔چینی شہر دنیا کے کچھ جدید ترین شہروں میں سے ہیں۔ہم پاکستان میں اپنے دوست چین کی ترقی اور خوشحالی دیکھ کر خوشی محسوس کرتے ہیں۔مسعود خالد جنوری 2013میں چین میں پاکستان کے سفیر مقرر کئے گئے تھے۔چین پاکستان تعلقات کے فروغ میں مسعود خالد کے کردار کو تسلیم کیا جاتا ہے۔ گزشتہ6 برسوں کے دوران دونوں ممالک کی حکومتوں کے اعلی حکام اور ان کے سربراہان کے کئی اعلیٰ سطح دورے ہوئے ہیں وزارتی اور اعلیٰ حکام کی ملاقاتوں کے موقع پرتبادلہ خیال بھی ہوا ہے۔اس سب کچھ میں ان کی مسلسل کوششیں بھی شامل ہیں جو انہوں نے مختلف مرحلوں پر عوامی تبادلوں کو فروغ دینے کیلئے کی ہے۔ دونوں ممالک نے نئے دور میں مساوی مستقبل کیلئے سدا بہار سٹریٹجک معاون شراکت داری قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف دونوں ممالک کیلئے بلکہ یہ پورے خطے کیلئے بھی خوشحالی لائے گا۔سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان ٹھوس اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے ایک اہم ستون ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان تعلقات باہمی احترام اور بین الاقوامی، علاقائی یا ملکی ترقی کے تناظر میں مسلسل کامیابی کی بنیاد پر قائم ہیں۔چین پاکستان تعلقات میں بہتری سے قطع نظر دونوں ممالک کے درمیا ن تجارتی تعاون بھی ان کے پیش نظر رہا ہے خصوصاً زرعی پیدا وار کے شعبے میں۔ انہوں نے کئی مواقع پر اعلی قسم کی پاکستانی چیری، آم اور دیگر پھل چین کو بر آمد کرنے کے بارے میں کہا جس سے چینی مارکیٹ میں پاکستانی زرعی اشیاء کی رسائی میں مدد ملی۔ اس سال اپریل میں چین اور پاکستان نے چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر دستخط کئے جس سے توقع ہے کہ چین کیلئے پاکستانی برآمدات 500ملین ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق معاہدے کے ایک حصے کے طور پر پاکستانی چاول اور چینی پہلے ہی چین برآمد کی جا رہی ہے۔ تقریب میں اپنے خطاب کے آخر میں سفیر نے ایک کتاب ”یو اینڈ یو رز“پڑھنے کی بھی سفارش کی جس میں چین اور پاکستان کی دوستی بارے کہانیاں موجود ہیں۔کتا ب کی دوسری جلد میں پاکستانی سفارت کاروں کے ذاتی تاثرات بیان کئے گئے ہیں جو چین کے ساتھ گہری دوستی رکھتے ہیں۔ کتاب جلد شائع ہو گی۔