اسلام آباد:ایوان بالا نے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اپنی سفارشات کی اتفاق رائے سے منظوری دیتے ہوئے انہیں قومی اسمبلی کو بھجواد یا۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور کے چیئرمین سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے مالیاتی بل 2019ء بشمول سالانہ بجٹ گوشوارے پر سفارشات کمیٹی کی رپورٹ کردہ صورت میں منظور کرنے کی تحریک ایوان میں پیش کی جس کی ایوان بالا نے اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔ اس موقع پر کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے ایوان کو بتایا کہ کمیٹی نے مالیاتی بل پر 65 سفارشات اتفاق رائے سے منظور کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6 دن میں کمیٹی کے 10 اجلاس ہوئے اور کمیٹی نے صبح شام کام کر کے ارکان کی طرف سے پیش کی جانے والی تجاویز پر غور کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 94 جنرل سفارشات اور پی ایس ڈی پی سے متعلق 68 سفارشات پیش کی گئیں۔ انہوں نے ممبران کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سے متعلق سفارشات بھی اتفاق رائے سے منظور کی گئی ہیں۔ انہوں نے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر اور دیگر حکام کے کردار کو بھی سراہا۔ فاروق ایچ نائیک نے ایڈیشنل سیکرٹری اور سیکرٹری کمیٹی طاہر اے خان کے کردار کو بھی سراہ اور ان کی خصوصی تعریف کی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی اپنی اور ہاؤس کی طرف سے کمیٹی اور سینیٹ سیکریٹریٹ کو مبارکباد دی کہ انہوں نے اپنا کام بروقت مکمل کیا۔ قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے بھی کمیٹی کے کام کو سراہا اور کمیٹی کے چیئرمین و ارکان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کمیٹی نے بہت محنت سے کام کیا اور بلا تفریق تمام سفارشات کا جائزہ لیا۔ وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا کہ وہ بھی کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ مختلف وزارتوں کے افسران کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے کمیٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور کمیٹی میں آ کر اپنا ان پٹ دیتے رہے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور سینیٹر اعظم سواتی نے بھی کمیٹی کے کام کو سراہا اورحکومت سے درخواست کی کہ وہ کمیٹی کی سفارشات کو باریک بینی سے دیکھے۔ بالخصوص بے نامی جائیدادوں سے متعلق کمیٹی نے بہت اچھی سفارشات پیش کی ہیں، ان کا جائزہ لیا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے ارکان کو بھی سراہا۔ سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے بھی کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔



