مال غنیمت کو لوٹ مار لکھنے پر عدالت برہم پشاور ہائیکورٹ اسلامیات کی کتاب میں قرآنی آیت کا ترجمہ درست کرنے کا حکم

پشاور ہائی کورٹ نے خیبرپختونخوا ٹیکسٹ بک بورڈ پشاور کی نہم جماعت کی اسلامات کی کتاب میں قرآنی آیات کے ترجمے کو درست کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت عالیہ میں تعلیم نصاب کی اسلامیات کی کتاب میں قرآنی آیت کےترجمے میں ’مال غنیمت‘ لے لفظ کو ’لُوٹ کر‘ لکھنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران عدالتی حکم پر صوبائی سیکریٹری تعلیم عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

اس دوران جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیے کہ آپ لوگ نئی نسل کو تباہ کر رہے ہیں، نئی نسل کے ذہنوں کو آپ آلودہ کر رہے ہیں، آپ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔

عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ کیوں نہ عدالت اس جرم کے مرتکب افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔

اس موقع پر عدالت نے اس معاملے پر 10 جولائی کو وفاقی سیکریٹری تعلیم کو بھی طلب کرلیا۔

ساتھ ہی قرآنی آیات کا ترجمہ فوری طور پر درست کرنے کا حکم دیتے ہوئے مارکیٹ اور طلبا کے پاس پہلے سے موجود اسلامیات کی کتابیں واپس لینے کی بھی حکم دے دیا۔