اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ چین کے ساتھ تمام سطحوں پر رابطوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔وزیراعظم عمران خان سے ایک چینی وفد نے ملاقات کی ہے جس میں سی پیک منصوبوں سمیت دو طرفہ ترقیاتی پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زراعت اورسماجی واقتصادی ترقی جیسے اہم شعبوں کوشامل کیاگیاہے اوریہ بات اطمینان کاباعث ہے کہ سدا بہار اور آزمودہ پاک چین دوستی فعال اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دفتر میں ایک خصوصی سیل قائم کیا جارہا ہے تاکہ سرکاری اور نجی کاروباری شعبوں کے درمیان موثر روابط کو یقینی بنایا جائے۔ چینی وفد نے اپنے کلمات میں کہاکہ چین زراعت،صحت، ہاؤسنگ اورسماجی واقتصادی ترقی جیسے شعبوں میں ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔


