اقوام عالم کے انصاف پسندکشمیر کوتباہی و برباردی کے بھنور میں پھنسنے سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔سید علی گیلانی

 

 

 

اسلام آباد:حریت کانفرنس”گ“ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے نظر بندوں کی اسیری کو بلاوجہ طول دینے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں تمام ذی الشعور افراد، انسانی دل رکھنے والوں اور اقوام عالم کے انصاف پسند وں سے اپیل کہ ہے کہ وہ بھارتی حکمرانوں کو جموں و کشمیر کے عوام کے حوالے سے ان کے جارحانہ اقدامات سے باز رکھ کر خطے کو تباہی و برباردی کے بھنور میں پھنسنے سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس کے ترجمان علام احمد گلزار پندرہ جون سے تھانہ شیر گڑھی میں نظر بند ہیں انہیں تحصیل عدالت نے ضمانت پر رہا کیا لیکن پولیس نے عدالت سے باہر آتے ہی ان کو دوبارہ گرفتار کرکے تھانہ شیرگڑھی میں حبس بیجا میں رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر امن سیاسی جدو جہد کرنیوالوں کا دائرہ تنگ کرکے قوم کو ایک منصوبہ کے تحت پشت بہ دیوار کیا جارہا ہے جسکے نتائج افراتفری انار کی اور بے چینی کے سوا کچھ نہیں نکل سکتے انہوں نے کہا کہ جب قوموں میں بے چینی اور بے اطمینانی کی کیفیت حد سے تجاوز کرتی ہے تو حالات کسی کے قابو میں نہیں رہتے اس لیے بھارتی پالیسی سازوں اور حکمرانوں کو سوچنا چاہیے کہ وہ اپنی جارحانہ اور احمقانہ پالیسیوں سے نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ جنوبی ایشیا میں کسی طرح بے چینی اور بے اطمینانی کے ماحول کو پروان چڑھاکر خطے کی تباہی و بربادی کا سامان تیار کر رہے ہیں۔