
اسلام آباد:پاکستان میں چینی سفارت خانے کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جیان ژاو بھی دیگر غیر ملکیوں کی طرح پاکستان کے شمالی علاقوں کے دیوانے نکلے۔پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ٹوئٹر“ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لی جیان ژاو نے لکھا کہ یہ سوئٹرزلینڈ ہے؟انہوں نے ٹویٹ کے ساتھ ناران کی تصاویر اپلوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ خیبر پختونخواہ کی حسین وادی کاغان کا ایک حصہ ناران ہے۔ناران کا شمار پاکستان کے خوبصورت مناظر والے علاقہ جات میں ہوتا ہے جو سطح سمندر سے 2500میٹر بلند ہے۔چینی سفارت خانے کے ڈپٹی چیف نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی تعریف کی۔ انہوں نے لکھا کہ ناران کی خوبصورتی بہت سے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ ناران سیاحوں اور ٹریکرز کے لیے ایک مشہور سیر گاہ ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ چینی وفد سے ایک چھوٹی بچی نے ہاتھ بھی ملایا، اس کے علاوہ ٹوئٹ کے آخر میں انہوں نے پاک چین دوستی زندہ آباد بھی لکھا۔



