بھارتی درخواست مسترد پاکستان کا کشیدگی کے خاتمے تک بھارت کے لئے فضائی حدود کھولنے سے انکار

Image result for PIA

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے کشیدہ صورتحال معمول پر نہ آنے تک اپنی فضائی حدود کھولنے کی درخواست مسترد کردی۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے ہوا بازی کے اجلاس میں سیکریٹری ایوی ایشن نے بتایا کہ بھارتی حکومت نے ہم سے فضائی حدود کھولنے کی درخواست کی تھی۔

جس پر ہم نے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا کہ پہلے بھارت اپنے لڑاکا طیاروں کو کشیدگی کی پوزیشن سے واپس بلائے۔

اس موقع پر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے کمیٹی اراکین کو تفصیلات سے آگاہ کیا کہ منافع حاصل کرنے کے لیے 7 نئے روٹس کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ خسارے میں چلنے والے 5 روٹس بند کردیے گئے۔

اعلیٰ حکام کے مطابق آپریشن کی لاگت میں 20 فیصد بچت، کارگو سروس کو بہتر بنا کر، پروازوں میں تاخیر کو قابو کر کے، ایندھن کے انتظامات اور خوراک کی پروکیورمنٹ کو مرکزی سطح پر منتقل کرنے سے پی آئی اے کی آمدنی میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے وضاحت دی کہ سامان کے وزن کی حد میں 11 فیصد اضافے اور کارگو کے بوجھ کو 55 فیصد بہتر بنا کر پی آئی اے نے 2 ماہ کے عرصے میں ساڑھے 3 کروڑ روپے کی بچت کی۔

سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے 15 مہینوں سے غیر فعال بوئنگ-777 اور اے-320 کو 30 لاکھ ڈالر کی لاگت سے مرمت کر کے بحال کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فلیٹ میں اب 28 طیارے شامل ہیں اور ہم 2 نئے طیارے لیز پر بھی لے رہے ہیں۔