تبدیلی آگئی ملازم پر ’غیرانسانی تشدد کا ملزم انسانی حقوق کا ترجمان تعینات

وفاقی وزارت انسانی حقوق نے تحریک انصاف سندھ کے رہنما افتخار لوند کو سندھ میں انسانی حقوق کا فوکل پرسن مقرر کردیا ہے۔ افتخار لوند پر 2 ماہ قبل اپنے ڈرائیور کو ’غیر انسانی تشدد‘ کا نشانہ بنانے کا الزام ہے۔

وزارت انسانی حقوق کی جانب سے 10 جولائی کو جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق افتخار احمد لوند سندھ میں انسانی حقوق کے فوکل پرسن تعینات کردئے گئے ہیں اور وہ اس معاملے وزارت انسانی حقوق کی معاونت کریں گے۔

افتخار احمد لوند پیشے کے لحاظ سے ٹرانسپورٹر اور ان کا تعلق سندھ کے ضلع گھوٹکی سے ہے جبکہ وہ تحریک انصاف کے رہنما بھی ہیں۔ ان کے خلاف 29 جون 209 کو گھوٹکی کے خان پور مہر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج ہوا جس کے مطابق انہوں نے اپنے وین ڈرائیور پر غیر انسانی تشدد کیا جو ناقابل بیان ہے۔

متاثرہ شخص کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر جاری ہوئیں تھیں۔ اس کیس میں سیشن جج گھوٹکی نے پچھلے دنوں افتخار لوند کی گرفتاری کا حکم جاری کیا تھا مگر بعد میں فریقین نے عدالت سے باہر سمجھوتہ کرلیا جس پر عدالت نے افتخار لوند کو بری کردیا۔