اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کیس میں سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی کو 13 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
ایل این جی کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے شاہد خاقان عباسی کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کرکے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
دوران سماعت نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت میں سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ‘ میں نیب کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہوں پھر بھی گرفتار کیا گیا’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے پتہ ہے کہ یہ کیوں ریمانڈ مانگ رہے ہیں، آپ انہیں 90 روز کا ریمانڈ دے دیں’، جس پر جج محمد بشیر کا کہنا تھا کہ قانوں کے مطابق ایک بار میں 90 روز کا ریمانڈ نہیں دے سکتے۔
بعد ازاں عدالت نے شاہد خاقان عباسی کا 13 روزہ ریمانڈ منظور کرلیا۔



