آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع اور ڈپٹی آرمی چیف کا عہدہ متعارف کرانے کا فیصلہ

پاک فوج میں ڈپٹی آرمی چیف کا عہدہ متعارف کروانے کا فیصلہ

اسلام آباد :سینئیر صحافی راؤف کلاسرا نے دعویٰ کیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے ماتحت افسران کی ترقیوں کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے فوج میں نیا عہدہ متعارف کروایا جا رہا ہے۔ راؤف کلاسرا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک فوج میں ڈپٹی آرمی چیف کا عہدہ متعارف کروایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی آرمی چیف کا عہدہ متعارف کروانے کا مقصد یہ ہے کہ آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی صورت میں نچلے افسران کی ترقی نہ رکے۔ خیال رہے کہ پہلے بھی آرمی چیفس کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی جاتی رہی ہے لیکن اس حوالے سے ہمیشہ کہا جاتا رہا ہے کہ اس فیصلے سے نیچلے افسران کی حق تلفی ہوتی ہے اور وہ ترقی نہیں کر پاتے لیکن اب اس مشکل کو حل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

 آرمی چیف کے بعد سب سے زیادہ سینئیر افسر کو ڈپٹی آرمی چیف کا عہدہ دے کر ان ترقیوں کے تسلسل کو قائم رکھا جائے گا۔ راؤف کلاسرا نے بتایا کہ آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے سینئر تجزیہ کار سمیع ابراہیم نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خانآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی دوسری بار کیلئے مدت میں توسیع کرنا چاہتے ہیں،عمران خان کا خیال ہے کہ اگر آئین میں ترمیم کرکے ریٹائرمنٹ کی عمر میں تبدیلی کرنا پڑے تووہ بھی ضرور کی جائے۔