اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلا لیا بھارت کو سفارتی سطح پر شکست کا سامنا؛50 سال بعد اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہوگی

اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلا ..

کشمیر میں 370کے خاتمے کے بعد دنیا میں تنہا ہوتے بھارت کو ایک بڑا دھچکا اس وقت لگا جب بھارت کی مخالفت کے باوجود اقوام متحدہ نے کشمیر کی صورت حال پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلا لیا۔ سلامتی کونسل کا اجلاس جمعہ کو ہو گا۔پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدر کو ایک مکتوب ارسال کیا تھا۔خط میں درخواست کی گئی تھی کہ سلامتی کا خصوصی اجلاس بلایا جائے۔جس کے بعد کشمیر پر 50سال میں سلامتی کونسل کا پہلا اجلاس ہو گا۔ اقوام متحدہمیں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کو روکنے کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خط اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدر کو پہنچایا تھا۔مذکوہ خط میں سلامتی کونسل کی صدر سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا باضابطہ مطالبہ کیا گیا۔

۔دوسری جانب ملیحہ لودھی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ کشمیر کے مسئلے کو سلامتی کونسل میں لے کر جا رہے ہیں، امید ہے کہ سلامتی کونسل جلد کشمیر کے مسئلے پر ملاقات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں بحث ثبوت ہے کہ کشمیر کبھی بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں تھا تاہم سلامتی کونسل کو کشمیر میں پابندیوں اور انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لینا ہوگا۔ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ بھارتی پابندیوں اور کرفیو نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کردیا ہے لیکن امید ہے کہ کشمیر پر عالمی برادری حق اور انصاف کا ساتھ دے گی۔ علاوی ازیں پولینڈ کے وزیر خارجہ اس وقت نیویارک میں موجود ہیں جن کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ چند روز میں پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر بات کی ہے اور کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔