پاکستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر عبدالقادر لاہور میں انتقال کرگئے۔
عبدالقادر کے داماد عمراکمل کے بھائی ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے موت کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عبدالقادر کو دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ راستے ہیں میں دم توڑ گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے عبدالقادر کے انتقال کی خبر پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔
چیئرمین پی سی بی احسان اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے عبدالقادر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
قومی کرکٹ کے کپتان سرفراز احمد اور سابق کپتان معین خان نے ان کے انتقال کو کرکٹ کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔
سابق کپتان شعیب ملک،اظہر محمود اور وہاب ریاض نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

عبدالقادر اپنے دور کے بہترین لیگ اسپنر تھے،وہ چیف سلیکٹر بھی رہے
عبدالقادر نے دسمبر 1977ء میں انگلینڈ کے خلاف لاہور میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور 67 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
ٹیسٹ کیریئر کے دوران انہوں نے 32 اعشاریہ 80 کی اوسط سے مجموعی طور پر 236 وکٹیں حاصل کیں۔
کسی بھی ٹیسٹ کی ایک اننگز میں اُن کی بہترین بولنگ 56 رنز کے عوض 9 وکٹیں تھی جبکہ 101 رنز دے کر 13 وکٹیں کسی بھی ٹیسٹ میچ میں اُن کی سب سے اچھی پرفارمنس تھی۔
ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں عبدالقادر نے اپنے کیریئر کی ابتداء جون 1983ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف برمنگھم میں کی۔
عبدالقادر نے 104 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 26 اعشاریہ 16 کی اوسط سے 132 وکٹیں حاصل کیں، 44 رنز دے پانچ وکٹیں اُن کی بہترین پرفارمنس رہی

وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ماضی کے عظیم لیگ اسپنر عبدالقادر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عمران خان نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ عبدالقادر کی وفات نے ایک دوست سے محروم کردیا، جس کا دلی صدمہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عبدالقادر نے دنیا بھر میں وطن کا نام روشن کیا،ان کی وفات سے پاکستان ایک عظیم کرکٹر سے محروم ہوگیا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ عبدالقادر کی گگلی نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان آج ایک عظیم اسپورٹس مین اور انسان سے محروم ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سوگوارخاندان کو یہ نا قابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت دے، اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر عطا کرے۔
ماضی کے عظیم لیگ اسپنر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کرکٹ کے حلقوں میں ’باؤ‘ کے نام سے شہرت رکھتے تھے۔ ان کے انتقال سے کرکٹ کے حلقوں میں فضا سوگوار ہوگئی۔
عبدالقادر وزیراعظم عمران خان کے بے تکلف دوستوں میں سے ایک تھے، گُگلی اور فلپرز ان کی اسپشلسٹی تھی اور دور جدید میں اس فن کو زندہ کرنے میں ان کی بولنگ نے اہم کردار ادا کیا۔
عبدالقادر چیف سلیکٹر بھی رہے اور لاہور میں کرکٹ اکیڈمی چلاتے تھے ان کے بیٹے عثمان قادر نے پاکستان انڈر 19ٹیم کی نمائندگی کی۔ٹیسٹ بیٹسمین عمر اکمل ان کے داماد ہیں۔



