چین۔پاکستان اقتصادی راہداری حکومت کی مرکزی ترجیحات میں شامل ہے۔تمام منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی چین کے سفیر یاؤ جنگ سے گفتگو

 

اسلام آباد:وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری موجودہ حکومت کی مرکزی ترجیحات میں شامل ہے، سی پیک پاکستان اور اس کے پڑوسی چین کے درمیان قریبی اقتصادی تعلقات کا خصوصی مظہر ہے۔ انہوں نے یہ بات  پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر یاؤ جنگ کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم کے مشیر نے چینی سفیر کو بتایا کہ سی پیک کے منصوبوں سے پاکستان کی معیشت میں اچھی تبدیلیاں آ رہی ہیں، تمام منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے، پاکستان سڑکوں کے نیٹ ورک، توانائی کے منصوبوں اور دیگر شعبوں میں چین کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور امید ہے کہ دوطرفہ تعاون، علاقائی رابطوں اور استحکام کیلئے دونوں ممالک مل کر مزید اس طرح کے اقدامات جاری رکھیں گے۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گوادر پورٹ اور گوادر فری زون کے حوالہ سے متعدد تجاویز اور اقدامات کی منظوری دیدی ہے، ان تجاویز اور اقدامات کے عملی اطلاق کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات کے اطلاق کیلئے چین کی جانب سے تکنیکی معاونت پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چین کے سفیر کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات پر عملدرآمد کیلئے پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ اس حوالہ سے مختلف حکومتی ایجنسیاں اور ادارے وزارت اقتصادی امور کی سربراہی اور نگرانی میں مربوط انداز میں کام کر رہی ہے۔ پاکستان میں چین کے سفیر نے دوطرفہ تعلقات میں بہتری بالخصوص پاکستان میں چینی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے چین کی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت اور کمپنیاں بالخصوص مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہیں .