وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر بلاول بھٹو کا رد عمل مایوس وزیراعظم نے کشمیر کا مسئلہ مضبوط انداز میں پیش نہیں کیا۔

وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر بلاول بھٹو کا رد عمل

اسلام آباد : چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کی گئی تقریر پر تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ مایوس وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے حق خود ارادیت کے لیے مضبوط کیس پیش نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قسمت کا فیصلہ اسلام آباد اور دہلی نہیں بلکہ کشمیری عوام کو کرنا چاہئیے۔

انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ اس بات پر زور دینے سے ، کہ مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے، سے اس تاثر کو زائل کرنے میں مدد ملے گی کہ کشمیر کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی اپنے کشمیریوں بھائیوں کو تنہاء نہیں چھوڑے گی ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ خیال رہے کہ گذشتہ رات وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں 45 منٹ خطاب کیا جسے خوب سراہا جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ پوری دنیا کے سامنے پیش کیا اور مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم پر بھی بات کی تھی جس پر وزیراعظم عمران خان کی تقریر کو خوب سراہا گیا۔ لیکن دوسری جانب بھارتی میڈیا نے وزیراعظم عمران خان کو تقریر کے لیے 45 منٹ دینے پر پراپیگنڈہ کرنا شروع کر دیا ہے۔