صحافیوں کے درمیان دوستانہ کرکٹ میچ :سجاس نے رسجا کو 55رنز سے شکست دے دی

 

اسلام آباد( سپورٹس رپورٹر)سجاس ، رسجا اور کے پی کے کے سپورٹس جرنلسٹس کے درمیان کھیلے جانے والے آل پاکستان سپورٹس جرنلسٹس فرینڈشپ کرکٹ سیریز کے سلسلے میں سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ( سجاس) اور راولپنڈ ی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن ( رسجا) کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں سجاس نے رسجا کو 55رنز سے شکست دے دی۔ جمعرا ت کو ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ اسلام آباد میں کھیلے جانے والے میچ میں میزبا ن ٹیم رسجا نے مہمان ٹیم سجاس کو ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ پہلے کھیلتے ہوئے سجاس کی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر179رنز بنائے ۔ جواب میں رسجا کی ٹیم 124رنز بنا سکی۔میچ کی مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا تھیں اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ میرا تعلق بھی سندھ سے ہے اور مجھے خوشی ہورہی ہے کہ میرے صوبے کی ٹیم جیتی ہے انھوں نے کہا کہ صحافیوں کی طرف سے مثبت سرگرمیوں کو دیکھ کر اچھا لگ رہا ہے کرکٹ کے علاوہ باقی کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں خواتین کھلاڑیوں کو بھی ٹیموں میں شامل کرنا خوش آئند ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آزربائیجان کے دورہ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کے تحت پاکستان سے کرکٹ اور ہاکی کے کوچز کو آزر بائیجان بجھوایا جائے گا جو ان کو ہاکی اورکرکٹ کی تربیت دینگے جبکہ آزر بائیجان سے دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے کھلاڑیوں کو تربیت دلوائی جائے گی انھوں نے کہا کہ آزربائیجان کے تعاون سے کھلاڑیوں کو سکالر شپ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن( رسجا) کے صدر محسن علی نے وفاقی وزیر سمیت مہمان ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک کی سپورٹس تنظیموں کے درمیان کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جارہے ہیں جس سے صوبائی ہم آہنگی کو فروغ مل رہا ہے انھوں نے کہا کہ جلد ہی رسجا کے ممبران کے لئے بیڈمنٹن کا ٹورنامنٹ بھی منعقد کیا جارہا ہے ۔ تقریب کے آخر میں مہان خصوصی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔