
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر ساری دنیا ہمارے ساتھ ہے لیکن ’’پیٹرول پمپ‘‘ والے ہمارے ساتھ نہیں۔
راولپنڈی میں نجی کالج کی تقریب سے خطاب کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ عرب ممالک میں سڑک والے ہمارے ساتھ ہیں لیکن ’’پیڑول پمپ‘‘ والے ہمارے ساتھ نہیں۔ کشمیر میں جنگ ہوئی تو مشرق وسطیٰ کا سڑک کا مسلمان خاموش نہیں رہے گا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے چین جیسا دوست ہمارے ساتھ ہے اور کل بھی چین کے جنرل کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دس جنگیں ہوچکی ہیں یا ان کے قریب سے لوٹے ہیں لیکن اب پھر اکتوبر نومبر میں پاکستان اور بھارت میں جنگ ہوتی دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا ہمارے دفاعی اقتصادی مسائل ہیں لیکن 130ملین ایسے جوان ہیں جو پاکستان اور اسلام پر مرتے ہیں۔ ہماری افواج نے جو تیاریاں کی اس کے فائنل راؤنڈ کا وقت آگیا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ اقوام متحدہ نے آج تک مسئلوں کو حل نہیں کیا اور سلامتی کونسل اگر مسئلہ حل کرنا چاہتی تو رائے شماری ہوچکی ہوتی۔ ہمیں تمام اختلافات بھلا کر کشمیر کی آواز کے ساتھ آواز ملا کر کھڑا ہونا ہوگا کیونکہ کشمیریوں کےساتھ کھڑے نہ ہوئے تو قائداعظم کا خواب پورا نہیں ہوگا۔
شیخ رشید نے کہا کہ پچھلے 23 دنوں سے سفاک مودی نے دنیا میں عجیب سماں بنا دیا ہے جس سے کشمیر کی پرفضا وادیاں آگ اور خون کی وادیوں میں بدل سکتی ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ امریکا کے کیمرے میں وہ طاقت نہیں جو پاکستانی کالے کیمرے میں ہیں۔ کشمیر میں پاکستانی چینل کی نشریات کو روکا جارہا ہے جبکہ ہیومن رائٹس اور انسانی حقوق والے اسی طرح خاموش رہیں گے۔ سوال اٹھایا کہ جی سیون نے لداخ میں کیا کیا ہے؟

