غیر آئینی، غیر قانونی، جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ریفرنس بنانے والے صدرعارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان استعفی دیں ،متحدہ اپوزیشن

 

متحدہ اپوزیشن نے جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف صدارتی ریفرنس کالعدم قرار دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کہ غیر آئینی، غیر قانونی، جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ریفرنس بنانے والے صدرعارف علوی اور وزیر اعظم استعفی دیں ۔ ایسٹ ریکوری یونٹ کی حقیقت قوم کے سامنے آچکی ہے لہذا فیصلے کی روشنی میں اسے فی الفور بند کیا جائے۔

متحدہ اپوزیشن میں شامل مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، جمعیت علمائے اسلام، عوامی نیشنل پارٹی، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی اور نیشنل پارٹی کی جانب سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے۔ جس میں متحدہ اپوزیشن نے جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف صدارتی ریفرنس کالعدم قرار دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جج کے خلاف بدنیتی پر مبنی بے بنیاد ریفرنس بنا کر اعلی عدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی، ریفرنس دراصل اعلی عدلیہ کا بازو مروڑنے اور دبا میں لانے کی مذموم کوشش تھی لیکن دستور و قانون کی حکمرانی کی سربلندی اور حفاظت پر عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
متحدہ اپوزیشن کا کہنا تھا کہ وکلا برادری کو مبارک باد، ان کے اتحاد اور عزم کے سامنے فسطائی سوچ ڈھیر ہوگئی، پاکستان بار کونسل اور صوبائی بار کونسلز کو شاندار کردار پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وکلا برادری نے ایک بارپھر ایک نازک موڑ پر تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق آج سچائی، ایمانداری، قانون و انصاف کی حکمرانی اور اتحاد کی جیت ہوئی ہے، عدلیہ کے خلاف سازش ناکام ہوئی اور عمران خان کی ذہنیت سامنے آگئی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے نے حکومتی بدنیتی بے نقاب کر دی ہے اور حکومت کی ناکامیوں کی طویل فہرست میں آج ایک اور اضافہ ہو گیا ہے۔
متحدہ اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ غیر آئینی، غیر قانونی، جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ریفرنس بنانے والے صدرعارف علوی اور وزیر اعظم استعفی دیں اور ایسٹ ریکوری یونٹ کی حقیقت قوم کے سامنے آچکی ہے لہذا فیصلے کی روشنی میں اسے فی الفور بند کیا جائے۔
یاد رہے کہ آج سپریم کورٹ نے اپنے مختصر فیصلے میں جسٹس قاضی فائز عیسی کی صدارتی ریفرنس کالعدم قرار دینے کی درخواست منظور کرلی تھی اور تمام دس ججز نے متفقہ طور پر ریفرنس کالعدم قرار دیا تھا۔