پاکستانی مسافروں میں کرونا وائرس سامنے آنے پر امارات ائر لائنز نے پاکستان کے لئے اپنا آپریشن معطل کرنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد:متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی امارات ائر لائنز نے 3 جولائی سے پاکستان سے اپنی خدمات عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے یہ فیصلہ 22 جون کو امارات ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے ہانگ کانگ پہنچنے والے 30 پاکستانیوں کے کووِڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیا ہے۔ ان 30 مسافروں میں شامل کچھ مرد و خواتین کو بخار، کھانسی اور گلے کی خرابی کی علامات ظاہری تھیں جبکہ دیگر میں کوئی علامت سامنے نہیں آئی۔
ہانگ کانگ کے محکمہ صحت کی ویب سائٹ کے مطابق 2 مرد ایک خاتون کے علاوہ تمام مریضوں کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کردیا گیا ہے۔
ویب سائٹ پر موجود ان پاکستانیوں کی ٹریول ہسٹری ظاہر کرتی ہے کہ یہ سب پاکستان میں ہی تھے اور 21 جون کو اماراتی پرواز کے ذریعے سفر کیا۔

اس حوالے سے ایئرلائن کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ہماری پروازوں سے سفر کرنے والے مسافروں کے ہانگ کانگ میں کووِڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے اعلان کے پیشِ نظر امارات نے پاکستان سے اپنی سفری خدمات عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم متعدد حکام کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں اور پاکستان سے اپنی سروسز دوبارہ شروع کرنے سے قبل تمام فریقین کو مطمئن کرنے کے لیے نظر ثانی اور ضرورت پڑنے پر اضافی اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ امارات کی اولین ترجیح اپنے عملے، صارفین اور لوگوں کا تحفظ ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایئرلائن نے صارف کے سفر میں زمین اور فضا میں ہر قدم پر اقدامات کا ایک جامع سلسلہ نافذ کر رکھا ہے تا کہ انفیکشن پھیلنے کے خطرے کو کم سے کم کیا جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم پاکستان میں اپنے صارفین کو خدمات فراہم کرنے کے وعدے پر قائم ہیں اور اپنی خدمات کو جلد از جل بحال کرنے کے محنت کررہے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس دوران امارات شیڈول کے مطابق بیرونِ ملک پھنسے افراد کو پاکستان میں لانے والی پروازیں جاری رکھے گی اور پاکستان، یو اے ای اور عالمی نیٹ ورک کے درمیان اشیا کے نقل و حرکت اور تجارت کے لیے کارگو سامان بردارسروز فراہم کرے گی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہانک کانگ میں جن مسافروں میں کووِڈ 19 مثبت آنے کی تشخیص ہوئی ہے شاید انہوں نے ہانک کانگ کے لیے دبئی کا سفر کیا ہو تاہم امارات ایئرلائن صرف پاکستان کے تمام ایئر پورٹس سے مسافروں کی خدمات کو عارضی طور پر معطل کررہی ہے۔
انہوں نے کہا ائر لائن نے اس حوالے سے صحت سے متعلق حالیہ پیش رفتوں کا جائزہ لیا اور صحت اور تحفظ کے لیے باقاعدگی سے اقدامات پر نظر ثانی اور انہیں بہتر بنا رہی ہے۔