گلگت بلتستان انتخابات ،پی ٹی آئی نے پارٹی ٹکٹ کے امیدواران سے درخواستیں طلب کر لیں

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے امیدواران سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔تحریکِ انصاف کے پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں اور کوائف جمع کرانے کی آخری تاریخ11 جولائی ہے۔ کوائف کی فراہمی اور ٹکٹ کے لیے درخواست دینے کا طریقہ پی ٹی آئی کی ویب سائٹ پر درج کر دیا گیا ہے جبکہ درخواستیں ملنے کے بعد پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے لیے پارلیمانی بورڈ تشکیل کرے گی۔پارلیمانی بورڈپاکستان تحریکِ انصاف کے لیے درخواستوں کی پڑتال کے بعد امیدواران کا اعلان کرے گا۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کا اس حوالے سے ایک بیان میں کہنا ہے کہ گلگت بلتستان ریاستِ پاکستان کی اہم اکائی اور بہترین انسانی و قدرتی وسائل سے مالا مال علاقہ ہے۔ گلگت بلتستان کا انتخاب انشا اللہ خطے کی سیاسی تاریخ میں نئے دور کا نکتہ آغاز ثابت ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ملک کے دیگر حصوں کی طرح گلگت بلتستان کو بھی محرومیوں کے سپرد کیے رکھا۔